ستاون ارب روپے عدالت عظمیٰ کے اکاؤنٹ میں جمع کرادیے، بحریہ ٹاؤن

195

اسلام آباد (آن لائن) عدالت عظمیٰ میں بحریہ ٹائون کراچی سے متعلق عمل درآمد کیس کی سماعت کے موقع پر بحریہ ٹائون کے وکیل کی طرف سے عدالت کو بتایا گیا ہے کہ بحریہ ٹائون نے عدالتی حکم پر اس وقت تک 57 ارب روپے عدالت عظمیٰ کے اکائونٹ میں جمع کروا دیے ہیں۔ معاملے کی سماعت جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔ اس موقع پر بحریہ ٹائون سے وصول ہونے والی رقم کے معاملے پر معاونت کیلیے اٹارنی جنرل آف پاکستان نے مؤقف اپنایا کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہے، عدالت معاونت کیلیے وقت دے۔ جس پر جسٹس فیصل عرب نے ریمارکس دیے کہ بظاہر سندھ کے پیسے پر وفاق کیسے دعویٰ کر سکتا ہے؟ جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ ابھی تو پورا پیسہ آیا ہی نہیں، پورے پیسے آجائیں تو دیکھیں گے یہ پیسہ وفاق کو جانا ہے یا سندھ کو، ابھی تو بڑا لمبا راستہ پڑا ہے۔ بعد ازاں عدالت نے معاملے کی سماعت غیر معینہ مدت کیلیے ملتوی کردی۔