امریکی صدر نے بھارتی پروپیگنڈے کو مسترد کیا ہے، وزیرخارجہ

267

اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کو اپنے رویے اور پالیسیوں پر نظرثانی کرنا ہو گی جبکہ بھارتی حکومت نے مسئلہ کشمیرکومزید الجھا دیا ہے،امید ہے کہ ٹرمپ بھارت سے  مسئلہ کشمیر پر بات کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ  نے کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے ،ہم امید کرتے ہے کہ امریکی صدر دورے بھارت کے دوران  بھارتی قیادت سے اس پر بات کریں گے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ خطے میں امن وامان کی صورتحال کو بحال کرنے کے لیے مسئلہ کشمیرکو حل کرنا ضروری ہے جبکہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کے لاک ڈاؤن کو206 روزہوگئے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ٹرمپ نے پاکستان کے خلاف دہشت گردی سے متعلق بھارتی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردوں کے خلاف لڑرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  امریکی صدر نے خود دیکھ لیا اس وقت دہلی کی صورتحال کیا ہے، بھارت کو اپنے رویے اور پالیسیوں پر نظرثانی کرنا ہو گی جبکہ بھارتی حکومت نے مسئلہ کشمیرکومزید الجھا دیا ہے،بھارت خطے میں امن کے لیے ہاتھ بڑھائے۔