27 فروری کا دن، پاک فضائیہ کا کراچی والوں کے لئے بڑا اعلان

622

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاک فضائیہ کی جانب سے 27 فروری کو کراچی سی ویو پر ایئر شو منعقد کیا جائے گا، ایئرشو میں جے ایف 17تھنڈر اور ایف 16طیارے شاندار فضائی کرتب دکھائیں گے،

تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 27 فروری کا دن پاک فضائیہ اور پاکستان کیلئے درخشاں باب کی مانند ہے، اس دن پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے دو طیاروں کو تباہ کیا تھا،

ترجمان کا کہنا تھا کہ اس دن کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے سی ویو کراچی پر شاندار ایئر شو منعقدکیاجارہاہے، ایئرشو میں جے ایف 17تھنڈر اور ایف 16طیارے شاندار فضائی کرتب دکھائیں گے جبکہ پاک فضائیہ کی ایئروبیٹکس ٹیم شیردل بھی لہو گرمانے والے کرتب دکھائے گی،

اس سے قبل پاک فضائیہ کی ساحل پر 27 فروری کے حوالے سے فل ڈریس ریہرسل ہوئی، جس میں پاکستانی لڑاکا طیاروں کی گھن گرج سے فضاگونج اٹھی،

ریہرسل میں جے ایف 17تھنڈر،ایف 16طیاریاورہیلی کاپٹر نے حصہ لیا جبکہ پاکستان ایئر فورس کے شیردل اسکواڈرن نے پیشہ ورانہ تربیت کاشاندار مظاہرہ کیا،

گذشتہ روز پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے 27 فروری کی مناسبت سے نغمہ جاری کیا تھا، گلوکار شجاع حیدر نے اپنے تخلیق کردہ نغمے اللہ اکبر میں اپنی آواز کا جادو جگایا ہے،

یاد رہے 27فروری کو آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے نام سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، یہ وہ دن ہے جب پاکستان نے بھارت کی نام نہاد بالاکوٹ ا سٹرائیک کے جواب میں اپنی مرضی کی جگہ اور وقت پر بھارت کو جواب دیا تھا،

آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کا آغاز لائن آف کنٹرول کے پار 6 بھارتی فوجی ٹارگٹس کا نشانہ بنانے سے شروع ہوا، جس پر بھارت کی طرف سے مگ 21، ایس یو 30اور میراج 2000 بھجوائے گئے، جن میں سے 2طیارے پاک فضائیہ کے شاہینوں کا شکار بنے، بھارتی مگ 21طیارے کا ملبہ پاکستانی علاقے میں گرا اور اس کا پائلٹ ابھی نندن گرفتار ہوا، جبکہ بھارتی ایس یو 30طیارہ مقبوضہ کشمیر میں گر کر تباہ ہوا، جس میں اس کا پائلٹ بھی مارا گیا،

بھارت نے اس شکست کو چھپانے کیلئے پاک فضائیہ کا ایف 16طیارہ مار گرانے کا دعوی کیا، جو وہ آج بھی ثابت نہیں کرسکا، جبکہ امریکہ حکام بھی اس دعوے کی نفی کرچکے ہیں،

آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے ایک سال مکمل ہونے پر پاکستان نے ابھی نندن کے طیارے کے چاروں میزائل اور ایجکٹ سیٹ دنیا کے سامنے پیش کردیئے ہیں، طیارے کے میزائل آر73 آرچراورآر77ایڈر کے دو میزائل مکمل اوردرست حالت میں جبکہ 2میزائل طیارہ جلنے کے باعث جزوی حالت میں ملے،

میزائل ماہرین بھی ان میزائلز کا تجزیہ کرکے ثابت کرچکے ہیں کہ مگ 21 کے چاروں میزائل میں سے کوئی بھی فائر نہیں ہوسکا، ماہرین کی اس رپورٹ کی روشنی میں ابھی نندن کا پاکستانی طیارہ گرانے کا دعوی جھوٹ ثابت ہوتا ہے۔

پاکستانی عسکری حکام نے سرپرائز ڈے کے حوالے سے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان امن پسند ریاست ہے تاہم جب بھی جارحیت مسلط کی گئی تو دشمن کو جواب میں سرپرائز ہی ملے گا۔