طلباء اور کتابوں کی دوستی لازم و ملزوم ہے: ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

267

کراچی(اسٹاف رپورٹر)قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ ہے ایم آئی ٹی اور برانڈیز جیسی امریکہ ہی نہیں دنیا کی نمبرون یونی ورسٹیوں سے تعلیم یافتہ عافیہ کا جرم ایک ایسا نظام تعلیم بنانا تھا جس کے ذریعے علم کی روشنی کو ملک کے گھر گھرتک پہنچنا تھاِ

عافیہ یہ نظام تعلیم لے کر ہی کراچی سے اسلام آباد جارہی تھی جسے ایک گھناؤنی سازش کے تحت اس کے تین کمسن بچوں سمیت اغواء کرکے پہلے افغانستان اور پھر امریکہ پہنچا دیا گیا۔عافیہ کا نظام تعلیم پاکستانی قوم کیلئے ایک خزانہ تھا جسے لوٹ لیا گیا،

وہ نظام تعلیم دینی اور دنیاوی علوم کا حسین امتزاج تھا۔وہ ”کراچی یونی ورسٹی بک فیئر2020“کے افتتاحی اجلاس کے شرکاء سے خطاب کر رہی تھیں۔کراچی یونی ورسٹی پہنچنے پرطلباء و طالبات نے انتہائی گرمجوشی سے ان کا استقبال کیا،

ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ آپ نے مجھے ایک ماہر نیورولوجسٹ اور پاکستانی کی واحد ایپی لیپسی ایکسپرٹ کی حیثیت میں نہیں بلکہ ڈاکٹر عافیہ کی بہن کی حیثیت سے مدعو کیا ہے جو کہ آپ کی قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ سے محبت اور احترام کا اظہار ہے،

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلباء کی جانب سے ہر سال بک فیئر کا انعقاد خوش آئند ہے۔ طلباء اور کتابوں کی دوستی لازم و ملزوم ہے۔کتب بینی میرا جنون تھا۔ یہ مطالعہ کی عادت کا ہی نتیجہ ہے کہ الحمدللہ میں آج ایک کامیاب معالج ہوں۔ ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ میں اپنے زمانہ طالب علمی میں ہر سال بے چینی سے بک فیئر کا انتظار کرتی تھی،

انہوں طلباء و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تعلیم پر بھرپور توجہ دیں اور مطالعہ کی عادت اپنائیں۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے عافیہ موومنٹ کو سالانہ بک فیئر میں مدعو کرنے پر اسلامی جمعیت طلباء کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے مختلف اسٹال کا دورہ بھی کیا۔