بچی کو زخمی کرنے والے ملزمان کو گرفتار اور سرکاری خرچ پر علاج کیا جائے

130

دادو (نمائندہ جسارت) دو ماہ قبل دادو شہر کے چھانو شاہ آباد محلے میں دن دہاڑے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کرنے اور گلی میں کھیلنے والی کمسن بچی کو زخمی کرنے والے ملزمان کی گرفتاری اور زخمی بچی کے علاج کی مدد کے لیے ورثا کا پریس کلب کے سامنے احتجاج۔ ملزمان کی گرفتاری اور بچی کے علاج کی مدد کی اپیل کی۔ شہر کے چھانو شاہ آباد محلے میں دو ماہ قبل فائرنگ سے قتل ہونے والے تاجر علی اصغر مہیسر اور فائرنگ زخمی ہونے والی مقامی صحافی کی بھتیجی کمسن بچی ہیربانو کے ورثاء کی جانب سے دادو پریس کلب کے سامنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقعہ پر مظاہرین رفیق احمد ببر، اعظم مہیسر، فاروق ببر، عادل مہیسر اور سکندر ببر سمیت دیگر نے میڈیا کو بتایا کہ دو ماہ قبل زمین کے تنازع پر مسلح افراد نے دن دہاڑے سرعام گولیاں چلا کر تاجر اصضر مہیسر کو قتل کیا گیا تھا، اسی دوران گلی میں کھیلنے والی کمسن بچی ہیربانو کو بھی گولیاں لگی تھیں، جس کے باعث بچی شدید زخمی ہوگئی تھی۔ بچی کے والد نے بتایا کہ اس کی بچی کو گولیاں لگنے کے باعث ریڑھ کی ہڈی سخت متاثر ہوئی ہے، علاج کے لیے گھر میں رکھی رقم اور سونا وغیرہ سمیت دیگر اشیا بیچ دیں مگر اس کے باوجود ڈاکٹر بچی کا علاج بیرون ملک کروانے کا کہہ رہے ہیں۔ مظاہرین نے وزیر اعلیٰ سندھ، آئی جی سے مطالبہ کیا ہے کہ حملے میں ملوث ملزمان کو گرفتار اور زخمی بچی کا علاج سرکاری خرچ پر کراکر زندگی بچائی جائے۔