شکارپور، قومی شاہراہ پر ڈاکو 50 ہزار نقد اور قیمتی اشیا لوٹ کر فرار

208

شکارپور (نمائندہ جسارت) جرم کی وارداتیں تھم نہ سکیں، دن دہاڑے ڈاکو راج، جھان خان کے قریب نیشنل ہائے وے پر ڈاکو کی دن دہاڑے پاک آرمی کے میجر سے لوٹ مار، ڈاکو میجر کلیم اللہ اوڈھو سے 50 ہزار نقد، 2 موبائل فون اور قیمتی اشیا لوٹ کر فرار۔ میجر کلیم اللہ اوڈھو فیملی کے ہمراہ پرائیویٹ کار میں گڑھی یاسین سے سکھر جارہے تھے۔ پولیس کے مطابق اطلاع پر علاقے کی نابندی کرکے ڈاکوئوں کی تلاش شروع کردی ہے۔ کھوجی کتوں کی مدد سے گاؤں سوبھو مہر میں سرچ آپریشن کیا گیا، سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی۔ شبے کی بنیاد پر رحیم بخش، کریم بخش مہر سمیت چھے افراد کو گرفتار کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ شکارپور قومی شاہراہ جیکب آباد بائی پاس کے مقام پر تیز رفتار کار اور موٹر سائیکل میں ٹکر کے نتیجے میں 2 افراد شدید زخمی ہوگئے، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا، زخمیوں کو سول اسپتال سے فرسٹ ایڈ کے بعد تشویشناک حالت میں لاڑکانہ ریفر کردیا گیا، پولیس نے کار ڈائیور کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا۔ شکارپور ہمایوں تھانے کی حدود گاؤں ابدال شاخ میں پلاٹ کے معاملے پر دو گروہوں میں جھگڑا، فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص شاہین بھرچونڈ زخمی، بھرچونڈ برادری کے افراد نے الزام لگایا کہ معرفانی برادری نے فائرنگ کرکے ہمارے ایک شخص کو زخمی کردیا ہے، زخمی کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے سول اسپتال سے تشویشناک حالت میں لاڑکانہ ریفر کیا گیا، علاقے میں خوف کی صورتحال، دونوں گروہوں کے درمیان مزید خون ریزی کا خطرہ، پولیس نفری نے علاقے میں پہنچ کر مزید کشیدگی کو کنٹرول کرلیا۔