شکارپور،سول اسپتال میں ڈاکٹروں کی غفلت سے بچہ جاں بحق،ورثا کا احتجاج

174

شکارپور(نمائندہ جسارت) شکارپورکے سول اسپتال میں معصو م بچے کے فوت ہونے والا معاملہ، سول سوسائٹی کی جانب سے سول اسپتال انتظامیہ کے خلاف احتجاجی ریلی ، مظاہرہ و دھرنا۔ تفصیلات کے مطابق شکارپور کے سول اسپتال میں دو روز قبل علاج کے لیے آنے والے گاؤں راھڑی کے رہائشی تین سالہ معصوم بچہ حبیب اللہ راھڑی کے فوت ہونے پر گزشتہ روز شکارپور کے مختلف سیاسی ،سماجی اور سول سوسائٹی کی جانب سے یوتھ کے نوجوانوں عادل شیخ، عمران منگی، فہد سولنگی ، ظفر چنا، امجد جلبانی ، وسیم سنجرانی ، محمد پریل مری اور دیگر کی قیادت میں سول اسپتال کے احاطے سے ریلی نکال کر کیولٹی کے سامنے دھرنا دیاگیا۔اس موقعے پر انہوں نے کہاکہ سول اسپتال میں ڈاکٹر اور لیڈی ڈاکٹر ڈیوٹی نہیں کررہے ہیں، سول اسپتال میں مریضوں کا کوئی علاج نہیں ہورہاہے۔ انہوں نے کہاکہ سول اسپتال میں علاج نہ ہونے کے سبب تین سالہ معصوم بچہ فوت ہوگیا ہے، جس کی ورثا شکایات کررہے ہیں کہ سول اسپتال میں ڈاکٹروں کی شدید کمی ہے۔انہوں کہاکہ سول اسپتال میں ڈاکٹر و دیگر عملے کا رویہ ناقابل برادشت ہے اور ادویات نہیں دی جارہی۔انہوں نے کہاکہ سول اسپتال میں سیاسی مداخلت ہورہی ہے جو بند کی جائے۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ سول اسپتال انتظامیہ ڈاکٹروں اور لیڈی ڈاکٹروں کو ڈیوٹی کے لیے پابند کرے اور مریضوں کا علاج کیا جائے۔اس موقعے پر مظاہرین نے مطالبہ کیاکہ بچے کے انتقال کرنے جانے والے واقعہ کی اعلیٰ سطح پر انکوائری کروائی جائے کیونکہ ادویات نہ ملنے اور دیکھ بحال نہ کرنے کے باعث بچہ وفات پاگیا ہے۔