میرپورخاص،سوئی گیس کی نئی لائن کا کام مکمل کریڈٹ کیلئے 3 دعویدار میدان میں

329

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) میرپور خاص کے لیے سوئی گیس کی نئی ڈالی جانے والی 12 انچ لائن کا کام مکمل ہونے کے بعد منصوبہ منظور کرانے کے تین دعویدار میدان میں آگئے، اس حوالے سے مختلف سیا سی جماعتوں جن میں پیپلز پارٹی، پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ نواز شامل ہیں، تحریک انصاف کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پی ٹی آئی کی محنت رنگ لے آئی اور میرپور خاص کے عوام کا گیس پریشر کا مسئلہ حل ہوگیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنما آفتاب حسین قریشی نے میرپور خاص کے عوام کے لیے اس مسئلے پر پہلی ملاقات کئی ماہ پہلے ایم ڈی سوئی سدرن گیس کمپنی، جی ایم سوئی سدرن و زونل منیجر سوئی سدرن گیس کمپنی سے کی اور اس مسئلے کو اُجاگر کیا اور اس کے فوری حل کے لیے وفاقی وزیر پیٹرولیم و گیس چودھری غلام سرور خان سے پلی جانی ٹو ٹنڈوالہٰیار 25 کلو میٹر کی لائن کی منظوری کروائی اور کام کو جلد سے جلد کروانے میں لگے رہے۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ نواز میرپور خاص ڈویژن کے جنرل سیکرٹری آصف معراج راجپوت نے کہا کہ میرپور خاص کے لیے 12 انچ گیس لائن کے کام کی تکمیل بھی نواز شریف کے وژن پر عملدرآمد کی تکمیل ہے کیونکہ نواز شریف نے عوامی فلاح و بہبود کے وہ تمام کام سرانجام دینے کی ہر ممکن کوشش کی جس کی عوام کو ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا کہ گیس پائپ لائن منصوبے کی کامیابی کے بہت سے دعویدار موجود ہیں لیکن سب یہ بات تسلیم کرتے ہیں کہ یہ منصوبہ شاہد خاقان عباسی کی منظوری اور خواجہ سعد رفیق کی خصوصی کوششوں سے ممکن ہوا جس کی وجہ سے آج کے دور میں کراچی تا خیبر عوام نواز شریف کو یاد کررہے ہیں۔ سیا سی جماعتوں کی اس رسہ کشی پر عوام نے شدید حیرت کا اظہار کیا ہے۔