جماعت اسلامی غریب افراد کو علاج معالجہ کی مفت سہولیات فراہم کررہی ہے

189

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ جماعت اسلامی بنا اقتدار اور مفاد کے غریب اور پسماندہ افراد کو علاج معالجہ کی مفت سہولیات فراہم کررہی ہے۔حکمران اپنے انتخابی منشور اور نعروں پر عمل پیرا ہو کر عوام کو صحت کی سہولیات اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی زون 173 نواب ٹاون کے زیر اہتمام مفت میڈیکل کیمپ کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر یونین کونسل علی رضا آباد ناصر خان،افتخار ملک صدر نواب ٹاون سوسائٹی، عبداللہ جہانگیر بٹ ڈائریکٹر نالج سکول، ماسٹر محمد داود سیکرٹری یونین کونسل، ڈاکٹر محمد آصف چوہدری سمیت دیگر علاقہ کی سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ مفت میڈیکل کیمپ میں ڈاکٹر عامر، ڈاکٹر جمال، لیڈی ڈاکٹر زرتاشہ سمیت دیگر سٹاف نے اپنی خدمات سر انجام دیں۔ اس موقع پر 350 سے زائد افراد کا چیک اپ کیا گیا اور مفت بلڈ ٹیسٹ اور ادویات فراہم کی گئی۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ ان علاقوں میں حکومتی اداروں کی عدم توجہ کی وجہ سے علاقے میں صاف پانی اور صفائی کے مسائل کی وجہ سے ہیپاٹائٹس کا مرض تیزی سے لوگوں میں پھیل رہا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ آنکھیں بند کیے ہوئے ہے جو قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جانب سے شہر بھر کے علاقوں میں لگائے جانے والے مفت میڈیکل کیمپوں میں ہیپاٹائٹس جیسی جان لیوا موذی بیماری کے مہنگے ترین ٹیسٹ مفت کیے جارہے ہیں جبکہ چیک اور ادویات بھی مفت فراہم کی جارہی ہیں اور الخدمت ہیلتھ کارڈ بھی جاری کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے غریب عوام کو علاج معالجہ کی سہولیات سے سے بھی محروم کردیا ہے اور صحت انصاف کارڈ کے نام پر لوگوں کو بیوقوف بنایا جارہا ہے۔