مہنگائی نے غریب کا جینا دوبھر کردیا ہے، وزیر اعلیٰ سندھ

268

سہون (نمائندہ جسارت) وزیر اعظم نے آئی جی کو ہٹانے سے اتفاق کیا تھا، دوسرے صوبوں میں چوبیس گھنٹے میں افسران تبدیل ہوجاتے ہیں، افسوس ہے وفاقی حکومت سندھ کے لوگوں کو الگ نظر سے دیکھ رہی ہے۔ یہ بات وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پیپلز لائرز فورم ضلع جامشورو کے صدر ایڈووکیٹ رفیق احمد ڈاہری کی طرف سے دی گئی ضیافت میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت یو ٹرن حکومت ہے جس کے قول اور فعل میں تضاد ہے، حکمران حکومت سے پہلے کہتے تھے کہ خودکشی کرلیں گے مگر آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے مگر قوم نے دیکھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کس طرح عوام کو مہنگائی اور غربت میں دھکیل کر آئی ایم ایف سے قرضے لیے سید مراد علی شاہ نے کہا کہ یہی حکمران کہا کرتے تھے کہ جب مہنگائی بڑھے تو سمجھو کہ حکمران چور ہیں، مہنگائی نے غریب کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ اس لیے عوام کا وفاقی حکمرانوں سے اعتماد اٹھ گیا ہے۔ چیئرمن بلاول زرداری کی سربراہی میں عوامی خدمت کا سفر جاری ہے، سندھ کے لوگوں نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کو ووٹ دیے جب تک لوگوں کا اعتماد ہے کوئی کچھ بھی نہیں بگاڑ سکتا۔ سندھ کابینہ نے متفقہ طور پر آئی جی کو ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے اور وزیر اعظم نے بھی آئی جی کو ہٹانے کا وعدہ کیا تھا مگر وعدہ وفا نہ ہوا۔ سہون تا جامشورو انڈس ہائی وے کو ون وے کرنے کے لیے سندھ حکومت نے 7 ارب روپے کی خطیر رقم دی مگر وفاق کی طرف سے اس پراجیکٹ پر کام سست روی کا شکار ہے، جس کی وجہ سے آئے دن سیکڑوں لوگوں کی جانیں حادثات کی نذر ہوجاتی ہیں۔ وفاق نے اس سال بھی سندھ کے فنڈز سے ایک کھرب چالیس ارب روپے کی کٹوتی کی ہے، جس کی وجہ سے ہمارے ترقیاتی کام تعطل کا شکار ہیں۔ منچھر جھیل کی بحالی کے سلسلے میں ماہرین ماحولیات سے بات ہوئی ہے، ان کی تجاویز پر عمل کیا جائے گا۔