میرپورخاص کو سازش کے تحت کھنڈر میں تبدیل کیا جارہا ہے، عامر وحید

264

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) صوبائی وزیر صحت عذرا پیچوہو کی میرپور خاص آمد پر کمشنر کمپلیکس میں منعقدہ کھلی کچہری میں تاجر رہنما و کونسلر عامر وحید، ماہر تعلیم عبدالرحمن آزاد اور سابق بینکار، ٹریڈ یونین رہنما اکرام الدین پیرزادہ نے میرپورخاص کامقدمہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ میرپورخاص کو سازش کے تحت کھنڈر میں تبدیل کیا جارہا ہے جبکہ لوکل گورنمنٹ سندھ سے این آئی ٹی کی منظوری کے باوجود سی ایم او شفیق شاہ اپنے سیاسی آقائوں کی آشیر باد سے رخنہ اندازی کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی وزیر صحت کی آمد پر راتوں رات عجلت میں کچرا ٹھکانے لگایا گیا ہے جبکہ شہر کی صفائی پر معمور 122سینٹری ورکرز کو سازش کے تحت ملازمت سے فارغ کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے شہر کوڑے دان کا منظر پیش کررہا ہے۔انہوں نے سی ایم او بلدیہ شفیق شاہ اور ان کے سرپرستوں کو شہر کی تباہ حالی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے سی ایم او بلدیہ کے فوری تبادلے اور ایماندار افسر کی تعیناتی کا مطالبہ کیا۔ میرپورخاص کا مقدمہ جرأتمندی سے پیش کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر میرپورخاص کے سیاسی، سماجی اور تجارتی حلقوں نے عامر وحید، عبدالرحمن آزاد اور اکرام الدین پیرزادہ کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری افسر کے لبادے میں سیاسی کارکن اور ان کے میرپورخاص دشمن سرپرستوں کا چہرہ بے نقاب کرنے پر میرپورخاص کے عوام سلام تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے وزیر اعظم عمران خان، چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس گلزار احمد، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ اور گورنر سندھ سے مطالبہ کیا کہ میرپورخاص کے عوام کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کا فی الفور نوٹس لیتے ہوئے سی ایم او بلدیہ شفیق شاہ کا تبادلہ کیا جائے اور عوام دوست و ایماندار افسر تعینات کیا جائے۔