جوبائیڈن کی شکست پر ٹرمپ خوش‘ سینڈرز کو مبارکباد

153

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست نیواڈا میں سابق نائب صدر جوبائیڈن کی شکست پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے برنی سینڈرز کو مبارک باد دی۔ ٹرمپ نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ نیواڈا میں برنی بہت پرجوش اور ان کے مقابل جو بائیڈن کمزور دکھائی دے رہے تھے۔ واضح رہے کہ ٹرمپ پر جوبائیڈن کے بیٹے ہنٹربائیڈن کے خلاف تحقیقات کے لیے یوکرائنی حکومت پر دباؤ ڈالنے کا الزام عائد کیا گیا تھا،جس کے بعد انہوں نے جوبائیڈن کو نشانے پر رکھا ہوا ہے۔ ادھر ریاست انڈیانا کے شہر ساؤتھ بینڈ کے سابق میئر پیٹ بٹی جج نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ برنی سینڈرز سرمایہ دارانہ نظام کو تمام برائیوں کی جڑ سمجھتے ہیں۔ یاد رہے کہ اتوار کے روز امریکا کے صدارتی انتخابات کی نامزدگی کی دوڑ میں ڈیموکریٹک پارٹی کے برنی سینڈرز نے ریاست نیواڈا کا میدان مار لیا تھا۔ 78 سالہ برنی سینڈرز 46 فیصد ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جب کہ ان کے حریف سابق نائب صدر جو بائیڈن 19 فیصد حمایت کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ اس سے قبل برنی نے نیو ہیمپشر میں تمام امیدواروں پر سبقت حاصل کی تھی۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے ارکان 3مارچ تک اپنی نامزدگی کے لیے مہم چلاتے رہیں گے،جس کے بعد جولائی میں پارٹی کی جانب سے منتخب امیدوار کا اعلان کیا جائے گا۔ ہفتے کو سامنے آنے والے نیواڈا کاکس کے ابتدائی نتائج کے مطابق ریاست انڈیانا کے شہر ساؤتھ بینڈ کے سابق میئر پیٹ بٹی جج 15 فیصد حمایت کے ساتھ تیسرے پر رہے۔ اس سے قبل آئیووا کاکس میں وہ معمولی فرق سے برنی سینڈرز سے آگے تھے۔