القاعدہ نے جزیرۂ عرب کے لیے نیا سربراہ مقرر کردیا

588

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) القاعدہ جزیرہ نما عرب (اے کیو اے پی) نے قاسم ریمی کی ہلاکت کی تصدیق کرکے خالد سعید بن عمر باطرفی کو نیا رہنما مقرر کرنے کا اعلان کردیا۔ انٹیلی جنس ایجنسی سائٹ کی رپورٹ کے مطابق اے کیو اے پی کی جانب سے جاری بیان میں خالد سعید کو سربراہ بنانے کا اعلان کرتے ہوئے قاسم ریمی کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی۔ انہیں رواں ماہ کے اوائل میں امریکی فوج نے یمن کے شہر صنعا میں کارروائی کے دوران ماردیا تھا۔ آڈیو بیان میں القاعدہ کی ذیلی شاخ کے عہدے دار حامد بن حمود تمیمی نے قاسم ریمی کی سرگرمیوں کی تفصیلات بیان کیں۔ نئے سربراہ تنظیم میں ابو مقداد الکندی کی کنیت سے مشہور ہیں۔ یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 6فروری کو اعلان کیا تھا کہ قاسم ریمی کو یمن میں انسداد دہشت گردی کے ایک آپریشن کے دوران ہلاک کردیا گیا ہے۔ القاعدہ نے باضابطہ طور پر اس ہلاکت کی تصدیق نہیں کی تھی۔ امریکا جزیرہ نما عرب میں فعال تنظیم کو اسامہ بن لادن کے قائم کردہ نیٹ ورک کی ایک انتہائی خطرناک شاخ قرار دیتا ہے۔ تنظیم نے فلوریڈا کے تربیتی اڈے پر سعودی فوجی کے حملے کی ذمے داری قبول کی تھی، جس کے نتیجے میں 3فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔ امریکا کا الزام ہے کہ تنظیم یمن میں کئی مقامات پر کارروائیوں میں بھی ملوث رہی ہے۔ ویب سائٹ کی ڈائریکٹر کا اپنی رپورٹ میں کہنا تھا کہ القاعدہ کمانڈر قاسم الریمی کی ہلاکت اہمیت کی حامل تھی۔ قاسم الریمی کو ایمن ظواہری کے جانشین کے طور پر دیکھا جا رہا تھا۔