سینیٹ فنکشنل کمیٹی میں زینب الرٹ بل ترمیم کے بعد منظور

119

اسلام آباد (صباح نیوز) سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق نے بچوں کے تحفظ سے متعلق زینب الرٹ بل میں ردوبدل کرتے ہوئے اتفاق رائے سے اسے منظور کرلیا‘ سینیٹ میں بل میں ترامیم کی منظوری کے نتیجے میں اسے دوبارہ قومی اسمبلی کو ارسال کیا جائے گا۔ پیر کو فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق کا ان کیمرہ اجلاس چیئرمین سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر کی صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔ زینب الرٹ بل کا حتمی جائزہ لیا گیا۔ خیال رہے کہ یہ بل قومی اسمبلی منظورکرچکی ہے اور اب سینیٹ میں زیر التوا ہے۔ فنکشنل کمیٹی نے کئی ترامیم تجویز کی ہیں۔جن میں بچوں اور بچیوں سے زیادتی، ان کے قتل کے مقدمات کے لیے نامزد عدالتیں تشکیل دینااور3 مہینے میں کیس کا ٹرائل مکمل کرنا شامل ہے۔ بعدازاں فنکشنل کمیٹی نے رپورٹ سینیٹ کو بھجوا دی گئی ہے۔ سینیٹ میں تجاویز پر غور کیا جائے گا۔ ایوان بالا نے ترمیم کی صورت میں بل منظور کیا تو یہ دوبارہ منظوری کے لیے قومی اسمبلی کو بھجوایا جائے گا۔