تیموریہ انویسٹی گیشن پولیس نے 50سے زائد لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث دو ملزمان علیم اور شوکت کو گرفتار کرلیا۔

430

کراچی( اسٹاف رپورٹر) تیموریہ انویسٹی گیشن پولیس کی بڑی کارروائی،ضلع وسطی میں سرگرم ڈکیت کرولا گروہ کے دو کارندوں کو پکڑلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق تیموریہ انویسٹی گیشن کے عملے نے سینٹرل اور شہر کے دیگر علاقوں میں 50سے زائد لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث دو ملزمان علیم اور شوکت کو گرفتار کرلیا۔

ایس پی انویسٹی گیشن طارق نواز کے مطابق ملزمان کا گروہ گروہ ڈسٹرکٹ سینٹرل میںگھروں میں ڈکیتی کی نصف سینچری سے زائد وارداتیں کرچکا ہے۔دوران تفتیش ملزمان نے سرسید، تیموریہ، الفلاح،نارتھ ناظم آباد, لیاقت آباد سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں وارداتیںکرنے کا انکشاف کیا ہے۔ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پکڑا گیا۔

پکڑے جانے والے ملزمان نے گزشتہ ماہ گلستان جوہر میں 70 تولہ سونے اور سات لاکھ نقدی کی واردات کی تھی اورملزمان شہر میں وارادت کے بعد اندرون ملک فرار ہوجاتے تھے۔ایس پی طارق نواز کے مطابق ملزمان کی گرفتاری سے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں ڈکیتی کی وارداتوں میں کمی آئے گی اور ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔