زلمی کا اپنے فینز کیلئے خصوصی بس چلانے کا اعلان

395

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) فرنچائز پشاور زلمی نے فینز کیلئے بڑا اعلان کردیا ہے، راولپنڈی میں ہونیوالے پشاور زلمی کے میچز کے لیے پشاور سے خصوصی زلمی فینز بس چلائی جائیں گی۔

پشاور زلمی کےمالک جاوید آفریدی نےراولپنڈی میں ہونیوالے پانچ زلمی میچز کیلئے پشاور سے راولپنڈی اور میچ کے فوری بعد راولپنڈی سے پشاور بس سروس چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ میچ ٹکٹ ہولڈرز ایک ساتھ ڈائیوو کی اسپیشل زلمی فینز بس میں ٹکٹ خرید کر سفر کرسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پشاور زلمی کے آئندہ تمام میچز کے لیے پشاور کے کرنل شیر خان (آرمی اسٹیڈیم) میں بڑی اسکرین لگائی جائے گی۔

 اس کے علاوہ پشاور کے وہ صحافی جنہیں پی سی بی نے میڈیا ایکریڈیشن جاری کیےہیں وہ زلمی فینز بس میں پشاور زلمی کےمہمان کے طور پر میچ کوریج پر جاسکیں گے۔

پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کا کہنا کہ وہ زلمی فینز کے شکر گزار ہیں جن کی بدولت پشاور زلمی پی ایس ایل کا سب بڑا برانڈ ہے،پشاور میں بڑی اسکرین اور زلمی بس سروس شروع کرنے کا مقصد یہی ہے کہ زلمی فینز مل کر میچز سے لطف اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ انشاللہ اگلے سال پشاور زلمی اپنے میچز ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور میں کھیلے گی اور انشاللہ پورے خیبر پختونخواہ اور پشاور میں کرکٹ کے جشن کا سماں ہوگا۔