شادی ہال اور بینکوئیٹس بھی ایف بی آر کے ریڈار پر آگئے

1864

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں شادی ہالز ااور بینکوئیٹس بھی ایف بی آر کے ریڈار پر آگئے ہیں، پوش شادی ہالز کی جانب سے ساڑھے 9 ارب روپے کی ٹیکس چوری کا انکشاف ہوا ہے،

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر لینڈ ریونیو کا کہنا ہے کہ پوش شادی ہالز نے ساڑھے 9 ارب روپے کی ٹیکس چوری کی ہے، 660 درجہ اول شادی ہالز عوام سے بھی ٹیکس وصول کررہے تھے،

ڈائریکٹر لینڈ ریونیو کا کہنا ہے کہ شادی ہالز، بینکوئیٹس مالکان کو نوٹس جاری کردئیے گئے ہیں، شادی ہالز کی اب رئیل ٹائم مانیٹرنگ شروع کردی گئی ہے،انہوں نے کہا کہ شادی ہالز اب ایک ماہ پیشگی بکنگ کی تفصیلات دینے کے پابند ہوں گے، شادی ہالز تقریب کی مجموعی لاگت کا 5 فیصد انکم ٹیکس دینے کے پابند ہیں،

ڈائریکٹر لینڈ ریونیو کا کہنا تھا کہ شادی ہالز نے 4 سال میں صرف 4 کروڑ 10 لاکھ روپے کے ٹیکس جمع کرائے ہیں، گزشتہ 4 سال میں بیشتر شادی ہالز نے گوشواروں میں ایک تقریب بھی ظاہر نہیں کی ہے،انہوں نے کہا کہ کچھ درجہ اول کے شادی ہالز نے چار سال میں صرف 10 ہزار روپے ٹیکس جمع کرایا ہے،

واضح رہے کہ چند روز قبل ایف بی آ ر نے شہر قائد میں آمدن اور اثاثہ چھپانے والے ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 17 بڑے اسپتالوں کے ڈاکٹرز کا ڈیٹا طلب کیا تھا،ایف بی آر حکام نے ضیاالدین میموریل اسپتال کی جانب سے تفصیلات فراہم نہ کرنے پر 25 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔