پاکستان کی نمبر 1 ٹی 20 پوزیشن مئی تک محفوظ

357

کراچی : پاکستان کی ٹی 20 میں نمبر 1 پوزیشن مئی تک کیلئےمحفوظ ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹی20  میچ میں آسٹریلوی ٹیم کو شکست کے بعد پاکستان کی نمبر 1 ٹی 20 پوزیشن مئی تک کیلئے محفوظ ہوگئی ہے ۔آسٹریلیا کو پاکستان سے پہلی پوزیشن چھیننے کیلئےجنوبی افریقہ کیخلاف سیریز میں کلین سویپ درکار تھا۔

پورٹ ایلزبتھ میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پروٹیز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے، کپتان کوئنٹن ڈی کک نے 70 رنزکی دھواں دار اننگز کھیلی، وان ڈر ڈسن 37 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔رچرڈسن نے دو، پیٹ کمنز اور زامپا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، جواب میں آسٹریلوی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بناسکی تھی ۔

ڈیوڈ وارنر ناقابل شکست 67 رنز کے ساتھ نمایاں رہے اور سٹیو سمتھ نے 29 رنز بنائے تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرا سکے ۔

عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نگیڈی نے 3 جبکہ کگیسو ربادا، نورٹج اور پریٹریوس نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔کوئنٹن ڈی کک کو عمدہ بلے بازی پر میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا کو پاکستان سے ٹی 20 رینکنگ کی بادشاہت چھیننے کیلئےجنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں کلین سویپ کرنا تھا تاہم اب اسے دوسری پوزیشن پر ہی اکتفا کرنا پڑے گا۔

قومی ٹیم اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر گرین شرٹس 270 پوائنٹس کےساتھ پہلی پوزیشن پر موجود ہے جبکہ آسٹریلیا کا 269 پوائنٹس کے ساتھ دوسرا نمبر ہے۔