رواں سال وزیراعظم مستعفی ہو کر اسمبلیاں توڑ دیں گے‘ منظور وسان

107

خیر پور (آئی این پی) پیپلز پارٹی رہنما منظور حسین وسان نے نئی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال وزیر اعظم خود وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہو کر اسمبلیاں توڑ دیں گے‘ عمران خان اسمبلیاں تحلیل کرنے کا جواز ڈھونڈ رہے ہیں۔ خیرپور میں میڈیا سے بات کرتے انہوں نے کہا کہ میں2020ء میں نئے انتخابات دیکھ رہا ہوں‘ وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے اور اب عوام مہنگائی سے بیزار ہو چکے ہیں‘ گھی، دودھ اور چینی کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے سے حکومت کی نااہلی نظر آ رہی ہے۔ منظور وسان نے کہا کہ رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری اور صحافی عزیز میمن کے قتل کی غیر جانبدار تحقیقات کی جائیں گی‘آئی جی سندھ پولیس اور ایس ایس پیز وفاق کی مرضی کے ہیں لیکن اس کے باوجود قاتل گرفتار نہ ہو سکے جس سے پولیس کی نااہلی واضح ہوتی ہے‘ اتحادی اب پی ٹی آئی سے دور بھاگ رہے ہیں۔