ڈاکٹروں کو بیرون ملک بھیجنے کی غلطی اب نہیں ہوگی ، صدر مملکت

370
لاہور: صدر عارف علوی فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے کنونشن سے خطاب کررہے ہیں

لاہور (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے ہیلتھ پروفیشنلز کو بہترین تعلیم دے کر باہر بھجوانے کی غلطی کی گئی اب یہ سودا پاکستان کو منظور نہیں، حکومت اور معاشرے کو چاہیے کہ وہ ڈاکٹرز کیلیے آسانیاں پیدا کریں تاکہ قوم ان کی خدمات سے محروم نہ رہے،پاکستان میں ہیلتھ پروفیشنلز کی کمی کی وجہ سے آئندہ 8 سے 10 سال میں علاج و معالجے میں مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں جس کی وجہ ہیلتھ پروفیشنلز کی زیادہ تعداد کا تعلیم حاصل کرنے کے بعد پیشے کو چھوڑ جانا ہے، انہیں یہ احساس ہونا چاہیے کہ ان کی تعلیم پر قوم کا سرمایہ خرچ ہوتا ہے اور پیشہ اختیار نہ کرنے سے ان کی خدمات سے معاشرہ محروم رہتا ہے، میڈیکل ایجوکیشن حاصل کرنے کے بعد پروفیشنلز کو وہ سرمایہ قوم کو لوٹانا چاہیے جو ان پر تعلیم پر لگایا گیا ہوتا ہے، ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمیں ایسا وزیراعظم ملا جن کا بڑا فوکس صحت کے شعبے پر ہے۔ وہ اتوار کے روز یہاں ایوان اقبال میں فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر مملکت نے گریجوایٹس، ان کے اساتذہ اور والدین کو مبارکباد پیش کی اور تلقین کی کہ وہ مریضوں کے علاج میں ہمدردی کے ساتھ پیش آئیں کیونکہ علاج میں 20 سے 30 فیصد ہمدرد ی کا عنصر اہم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل ایجوکیشن کے کورس میں اخلاقیات اور کیفیات کے عنصر کو شامل ہونا چاہیے۔ انہوں نے فارغ التحصیل گریجوایٹس کو تلقین کی کہ ملک ان کا انتظار کر رہا ہے، آپ غریبوں اور لاچاروں کا ہاتھ تھامیں، ان کے ساتھ ہمدردری کریں۔