سلیکشن کی کہانی نئی نہیں‘عوام کوآج تک انتخاب کا موقع نہ مل سکا‘ امیر العظیم

321
لیہ: جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم مہنگائی کے خلاف مظاہرے سے خطاب کررہے ہیں

لاہور( نمائندہ جسارت) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہاہے کہ قوم بچے جموروں کے تماشے سے تنگ آچکی ہے ۔ سلیکشن کی کہانی نئی نہیں، بڑی پرانی ہے۔ آئینی تقاضوں کے مطابق آج تک عوام کو اپنے نمائندوں کے انتخاب کا موقع نہیں مل سکا ۔ جب تک عوام کے حقیقی نمائندے ایوانوں میں نہیں پہنچتے ، تبدیلی نہیں آسکتی ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے لیہ میں مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف ہونے والے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مظاہرین سے سابق رکن پنجاب اسمبلی چوہدری اصغر علی گجر نے بھی خطاب کیا ۔ امیر العظیم نے کہاکہ مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف عوامی احتجاج پورے ملک میں پھیل جائے گا ۔ جس طرح حکمرانوں نے عوام کا جینا محال کیاہے ، اب عوام حکمرانوں کی نیند حرام کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا اور ایٹمی قوت بنایا مگر خود غرض حکمرانوں نے ملک کو بھکاری بنا کر پوری دنیا میں اس کا مذاق بنادیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ عوام اب ان حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں ، جب تک آئی ایم ایف اور امریکہ کے غلاموں کو ایوانوں سے نکال باہر نہیں کرتے ، چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔