پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے رہنما سردار عابد کے اعزاز میں عشائیہ

333

آزاد کشمیر حکومت کے سابق وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی (آزاد کشمیر) کے سیکرٹری مالیات سردار عابد حسین عابد کے اعزز میں جدہ ایک عشائیے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس کی صدارت سردار اشفاق اور نظامت وقاص عنایت اللہ نے کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 200 دن سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے اور وہاں انسانیت کے ساتھ کھلواڑ جاری ہے۔ جب تک عالمی برادری اور اقوام متحدہ اپنا سنجیدہ کردار ادا نہیں کرے گی، مودی جیسے قصاب سے جان نہیں چھوٹ سکتی۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کشمیریوں کو باقاعدہ ایک فریق کے طور پر مذاکراتی عمل میں شامل کیا جانا چاہیے۔
سردار عابد حسین عابد نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ مقبوضہ وادی میں ظلم و ستم کا بازار گرم ہے، جہاں بچے اسکول جا رہے ہیں اور نہ ہی مریض اسپتال۔ ادویہ اور خوراک کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے جب کہ مودی سرکار نے ذرائع ابلاغ کی تمام سہولیات جبراً بند کر رکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم حرمین شریفین میں دعا گو ہیں کہ کشمیریوں کی مقدس قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی اور بھارت جیسا متعصب اور نفرت پھیلانے والا ملک ٹکڑے ٹکڑے ہو جائے گا۔
پیپلز پارٹی سے متعلق بات کرتے ہوئے سابق وزیر کا کہنا تھا کہ پی پی حکومت نے بجٹ کے بے شمار مسائل کے باوجود کشمیر میں تاریخی اور مثالی کام کیے ہیں۔ تعلیم، صحت، بنیادی ڈھانچہ اور دیگر عوامی منصوبوں پر مسائل اور مائب کے باوجود ہرممکن حد تک تعاون کیا گیا۔ اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق سردار عابد کا کہنا تھا کہ دیار غیر میں بسنے والے لوگ نامساعد حالات کے باوجود اپنی برادری، ملک میں کسی بھی مشکل وقت اور کشمیری مقصد کے لیے کام کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے تقریب کے انعقاد پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔
جموں کشمیر کمیونٹی اوورسیز کے چیئرمین اور مسلم کانفرنس کے صدر سردار اشفاق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے بنیادی فریق کشمیری ہیں، انہیں ہر سطح پر بات چیت کا حصہ بنایا جائے اور انہیں ان کا بنیادی حق خود ارادیت بھی دیا جائے۔ دیگر مقررین میں راجا شمروز، خالد گجر، کلیم خان، وحید خاکسار، سردار مہتاب سرور شامل تھے۔ تقریب کا آغاز حافظ مقبول رضا نے تلاوت کلام پاک سے کیا جب کہ آخر میں مرحومین، تحریک کشمیر کے شہدا اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔