ایس ای ایف فاؤنڈیشن کی تعصب پر مبنی اسکالر شپ قابل مذمت ہے‘حافظ نعیم

310

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے حکومت سندھ کے ادارے سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے تعصب پر مبنی اسکالر شپ پروگرام کے اشتہار کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اشتہار فوراًواپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کراچی کے شہریوں سے حق تلفی پر مبنی اقدام واپس نہ لیا گیا تو جماعت اسلامی بھرپور احتجاج اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت کی جانب سے تعصب پر مبنی پالیسی کا بھانڈا سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے اسکالر شپ کے اشتہارنے کھول دیاہے،کراچی کے تمام اضلاع کو شامل نہ کرنا صریحاًزیادتی ہے۔انہوں نے کہاکہ کراچی ڈویڑن کے تمام اضلاع کو فوری طور پر اسکالر شپ پروگرام میں شامل کرتے ہوئے کراچی ضلع جنوبی،غربی،شرقی،وسطی،کورنگی اور ملیر کے طلبہ کو بھی اسکالر شپ کے حصول کے لیے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں۔کراچی کے تمام اضلاع صوبہ سندھ کا ہی حصہ ہیں، ایسی تفریق اور اقدامات سے محرومی اور صوبائی انتشار پھیلے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت کے ہونہار اور قابل بچوں کو نظر انداز کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں،ہمارا حکومت وقت سے مطالبہ ہے کہ کراچی سمیت تمام بچوں کے لیے یکساں اسکالر شپ کا اعلان کرکے طلبہ میں پھیلی مایوسی دور کی جائے۔حافظ نعیم الرحمن نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ اسکالر شپ پروگرام میں کراچی کے طلبہ و طالبات کو درخواستیں دینے کا موقع دیا جائے اور وزیر اعلیٰ سندھ اس اشتہار کا نوٹس لیں اور تعصب کو فروغ دینے والے متعلقہ ذمے داران کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے۔