کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5 وکٹ سے شکست دیدی

576

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 5 کے چھٹے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دی دی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کراچی کنگز میں ایک تبدیلی کی گئی، محمد رضوان کی جگہ ایلکس ہیلز کو شامل کیا گیا ہے جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں میں احسان علی کی جگہ انور علی اور فواد احمد کی جگہ نسیم شاہ کو پلینگ الیون میں شامل کیا گیا۔

کراچی کنگز کی اننگز

کراچی کنگز  کی جانب سے میچ کا آغاز اوپننگ بلے باز بابر اعظم اور شرجیل خان نے کیا۔دونوں کھلاڑیوں نے پہلی وکٹ کیلئے31 رنزجوڑے،بابر اعظم 26 رنز پر ٹائمل ملز کی بال پر بولڈ ہوگئے۔

بابر اعظم کے بعد شرجیل خان کا ساتھ دینے کے لیے ایلکس ہیلز میدان میں اترے مگر  شرجیل خان پچ پر کھڑے نہ رہ سکے اور محمد نواز کی بال پر آؤٹ ہوگئے۔

بعدازاں ایلکس ہیلز  نے 27 بالوں پر 26 رنز بنائے لیکن وہ محمد حسنین کی بال کا شکار بن کر پویلین لوٹ گئے، کیمرون ڈیلپورٹ نے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا مگر وہ بھی بڑا اسکور بنانے میں ناکام رہے اور 22 رنز بنا کر سہیل خان کی بال پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

کراچی کنگز کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور مقررہ اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر صرف 156رنز ہی بناسکی۔

کراچی کنگز کی جانب سے ایلکس ہیلز 29، بابر اعظم 26، افتخار احمد 25 اور کیمرون ڈیلپورٹ 22رنز بناکر نمایاں رہے.

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین نے 3، ٹائمل ملز نے 2 جب کہ سہیل خان اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

کوئٹہ کی اننگز

ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کی جانب سے جیسن رائے اور شین واٹس نے اننگز کا آغاز کیا تاہم 41 کے مجموعی اسکور پر شین واٹسن 27 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے، اس کے بعد جیسن رائے 17 اور احمد شہزاد 11 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

55 رنز پر 3 وکٹیں کھونے کے بعد کپتان سرفراز احمد اور اعظم خان نے شاندار کھیل پیش کیا اور چوتھی وکٹ کی شراکت میں 85 رنز جوڑے ، اس موقع پر اعظم خان 46 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ جبکہ محمد نواز اونچا شارٹ کھیلنے کی کوشش میں باؤنڈری ہرکیچ آؤٹ ہوئے۔

کوئٹہ کو 7 گیندوں پر 6 رنز درکار تھے، انور علی نے چھکا لگا کر ٹیم کو کامیابی دلائی، یوں کوئٹہ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔

کوئٹہ کی جانب سے اعظم خان 46 اور سرفراز احمد 37 رنز بناکر نمایاں رہے۔

کراچی کنگز کے عماد وسیم اور جورڈن ایک ایک وکٹ لے سکے۔

اعظم خان کو بہترین بیٹنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔