ٹنڈو محمد خان، گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کی عمارت 3 سال میں مکمل نہ ہوسکی

644
ٹنڈو محمد خان : گورنمنٹ گرلز کیمپس پبلک اسکول کی عمارت کی تعمیرات مکمل نہ ہونے کیخلاف طالبات اور والدین احتجاج کررہے ہیں

ٹنڈو محمد خان (نمائندہ جسارت) گورنمنٹ گرلز کیمپس پبلک ہائی اسکول تین سال گزرجانے کے باوجود بھی تعمیر نہ ہوسکا، سیکڑوں طالبات شہر کے دوسرے اسکول منتقل، والدین اور طالبات گزشتہ تین سال سے ذہنی اذیت کا شکار ، جلد از جلد گورنمنٹ گرلز کیمپس پبلک ہائی اسکول کی بلڈنگ کو تعمیر کیا جائے، سیکڑوں خواتین کا پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ۔ ٹنڈو محمد خان کے مختلف علاقوں پٹار گوٹھ، ناؤں میل، عرس سٹھیو، سعید متو، کپور موری، شوکت کالونی، مشترکہ کالونی، شاہی بازار ودیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والی درجنوں خواتین نے پریس کلب ٹنڈو محمد خان کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر اسکول میں زیر تعلیم طالبات کے والدین سیمہ ملاح، فرزانہ ملاح، نجمہ خاصخیلی، زرینہ کولاچی ودیگر نے صحافیوں کو بتایا کہ ٹنڈو محمد خان شہر میں قائم گورنمنٹ گرلز پرونیشنلائزڈ کیمپس پبلک ہائی اسکول کی عمارت گزشتہ تین سال سے زیر تعمیر ہے اور ٹھیکیدار کام ادھورا چھوڑ کر فرار ہوگیا، جس کے باعث اسکول میں تعلیم حاصل کرنے والی سیکڑوں طالبات کو دوسرے اسکول میں شفٹ کیا گیا ہے، جہاں ان طالبات کو شام کی شفٹ میں تعلیم دی جاتی ہے۔ مذکورہ اسکول میں کمروں کی کمی کے باعث طالبات کو شدید پریشانی کا سامنا اور ان کا تدریسی عمل متاثر ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ گرلز کیمپس پبلک ہائی اسکول کی تعمیر ایک سال میں مکمل کرنے کا کہا گیا تھا لیکن تین سال گزر جانے کے باوجود بھی اسکول کی عمارت تعمیر نہیں کی جارہی جوکہ طالبات کیساتھ سراسر ظلم و انصافی ہے۔ انہوں نے صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی، سیکرٹری تعلیم، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، ایم این اے سید نوید قمر، ایم پی اے سید اعجاز شاہ بخاری، ڈپٹی کمشنر یاسر بھٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ گورنمنٹ گرلز کیمپس پبلک ہائی اسکول کی عمارت کو جلد از جلد تعمیر کیا جائے۔