گلشن معمار انتظامیہ مکینوں کے مسائل حل کرے ‘ حافظ نعیم الرحمن

541
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے گلشن معمار کی سماجی تنظیموں کا وفد ابوالضیا کی قیادت میں ملاقات کررہا ہے

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ گلشن معمار انتظامیہ کی ذمے داری ہے کہ معمار میں رہائش پذیر لاکھوں مکینوں کے مسائل حل کرے ۔ بجلی و پانی کے مسائل سے نجات دلائی جائے اور مکینوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ۔ جماعت اسلامی گلشن معمار کے مکینوں کے مسائل اور مشکلات کے حوالے سے ان کی جدو جہد اور کوششوں میں ان کے ساتھ ہے اور ان سے بھر پور تعاون کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں گلشن معمار کی سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور مکینوں پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وفد نے پبلک ایڈ کمیٹی ضلع شمالی کے چیئر مین ابو الضیاپرویز کی سربراہی میں حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کی اور گلشن معمار میں بڑھتے ہوئے مسائل جن میں چائنا کٹنگ، سیکورٹی کے ناقص انتظامات ، پانی کی قلت ، کے الیکٹرک کے غیرقانونی واجبات و چارجز اور بائونڈری وال کے تکمیل میں تاخیر کے حوالے سے آگاہ کیا ۔ وفد میں ناظم علاقہ گلشن معمار محمد ابو الخیر ملک ، گلشن معمار’’گمپا ‘‘کے جنرل سیکرٹری فخر شبیر ، معمار ینزویلفیئر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عاطف اللہ والا ، پبلک ایڈ کمیٹی معمار کے صدر راشد نور ، جنرل سیکرٹری نعمان ملک ، سماجی رہنما نفیس احمد خان ، سراج ، کامران کاظمی اور دیگر بھی شامل تھے ۔ وفد نے ملاقات میںحافظ نعیم الرحمن، پبلک ایڈ کمیٹی کراچی کے صدر سیف الدین ایڈووکیٹ ، جنرل سیکرٹری نجیب ایوبی کو بتایا کہ گلشن معمار 1026ایکڑ پر محیط اور 10 ہزار پلاٹس پر مشتمل سپر ہائی وے پر واقع بڑا پروجیکٹ ہے ۔ جماعت اسلامی نے جس طرح کراچی کے مختلف علاقوں میں چائنا کٹنگ سمیت دیگر شہری مسائل پر اُصولی موقف اختیار کرتے ہوئے حل کرانے کی عملی کوشش کی اسی طریقے سے گلشن معمار میں چائنا کٹنگ کے خاتمے کے لیے ہماری آواز ارباب ِ اختیار تک پہنچائی جائے ۔ لاکھوں مکینوں کے مسائل کے حل کی کوشش کی جائے ۔ وفد نے کہا کہ ضروری ہے کہ گلشن معمار میں جلد از جلد یونین قائم کر کے اس کے الیکشن کرائے جائیںتاکہ آبادی کے مکینوں کے مسائل کے حل میں سہولت پیداہو۔