وزیراعظم اعتراف کے بعداپنی ناکامی کی سزا خود تجویز کریں‘ وزیراعلیٰ سندھ

728

سیہون شریف (نمائندہ جسارت ) سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اپنی ناکامی پر سزا بھی خود تجویز کریں ‘ محراب پور کے صحافی کے قتل پر سندھ حکومت اور پیپلزپارٹی کی قیادت نے سخت مؤقف اختیار کیا‘ ان کی فیملی کی خواہش پر تفتیش کرائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سہون کے نزدیک گاؤں گائینجا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ عزیز میمن کے قتل پر سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی قیادت نے سخت موقف رکھا تھا، انہوں نے کہا کہ میں نے صوبائی وزیر سعید غنی اور سہیل انور سیال کو عزیز میمن کے ورثا سے ملاقات کے لیے بھیجا تھاتاکہ فیملی کی خواہش اور اطمینان کے مطابق قتل کی تفتیش ہوسکے اور جس پر بھی ان کو قتل کا شک ہے اس پر ایف آئی آر درج کرائیں، ورثا نے کیمرامین سمیت 4 اور لوگوں کو ایف آئی آر میں نامزد کیا ہے، صحافی عزیز میمن کے خاندان کی خواہش کے مطابق قتل کی تفتیش کے لیے ایس ایس پی نوابشاہ کے ذریعے کرانے کا حکم دے دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم صحافت کی آزادی پر پورا یقین رکھتے ہیں، پیپلز پارٹی کی حکومت میں کبھی بھی نہیں ہوگا کہ حقیقت چھپائی جائے اور جو بھی حقائق ہونگے وہ عوام کے سامنے لائے جائیں گے اورجس طریقے سے فیملی چاہے گی اسی طریقے سے تفتیش ہوگی اور قاتلوں کو پکڑ کر قرار واقعی سزا دلائیں گے۔آئی جی سندھ کے تقرر سے متعلق ایک سوال پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ آئی جی کے لیے ناموں کی لسٹ وفاق کو دی گئی ہے۔ ایک سوال پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود سہون شہر سمیت درگاہ کا ترقیاتی کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت محصولات جمع کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، صوبوں کو فنڈز ٹرانسفر نہیں کیے جارہے جس کے سبب ترقیاتی منصوبے تعطل کا شکار ہیں، چیئرمین پی پی پی بلاول زرداری کی سیاست اور معاشی معاملات پر گہری نظر ہے،بلاول صاحب مہنگائی کے پسے ہوئے عوام کی نمائندگی کر رہے ہیں اور جیسے ہی وہ حکومت کے خلاف تحریک کا اعلان کریں گے تو اس پر عملدرآمد کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنی ناکامیوں کا خود اعتراف کیا ہے، وفاقی حکومت نے تسلیم کیا ہے کہ آٹے اور چینی کا بحران ان کی غفلت کے سبب ہوا ہے، وفاقی حکومت نے ناکامی قبول کی ہے تو اپنے لئے سزا بھی خود تجویز کرے۔ایک سوال پر وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کتوں کے کاٹنے کی وجہ سے ہلاکتوں پر سخت نوٹس لیا ہے اور اس پر قابو پانے کے لئے بلدیاتی اداروں کو احکامات دیئے گئے ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ دو مہینے قبل سندھ کابینہ کے اجلاس میں ذخیرہ اندوزی کے خلاف ایکشن کی ہدایات دی تھیں، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ پی ایس ایل سے متعلق ایک سوال پر وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں سندھ حکومت کا ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا، کرکٹ شائقین کو پارکنگ، شٹل سروس اور دیگرسہولیات دینے کے لیے انتظامات کیے ہیں۔