پاکستان کے لوگ ہمارے رشتہ دار نہیں‘ حکومت مہنگائی پر قابو پائے‘ شیخ رشید

678

لاہور(نمائندہ جسارت)وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مہنگائی حکومت کی اپوزیشن ہے اور اگر حکومت نے مہنگائی پر قابو نہ پایا تو پھر حکومت کو سوچنا ہوگا کہ پاکستان کے لوگ ہمارے رشتہ دار نہیں ہیں، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ حکومت کے ساتھ کوئی لڑائی نہیں کرے گی، ایم کیو ایم بھی ساتھ ہے، مولانا فضل الرحمن اگر دھرنے کے لیے آئے تو قانون حرکت میں آئے گا اور دھر لیا جائے گا ٗکراچی سرکلر ریلوے سے متعلق عدالت عظمیٰ کے احکامات پر عملدرآمد کریں گے، اگر کوئی سیاست کر کے دل پشوری کرنا چاہتا ہے تو کرے۔ہفتے کو ریلوے ہیڈکوارٹر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ ر شید نے کہا کہ اس وقت ہماری اپوزیشن مہنگائی ہے جس پر قابو پانے کے لیے عمران خان ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی حکومت سے کوئی لڑائی نہیں، وہ صرف اب ٹی وی پروگرام ہی کر یں گے، اگر وہ نیب آرڈیننس مل کر بنا سکتے ہیں تو حکومت کے لیے بھی آسانی پیدا کر سکتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ مریم نواز کے باہر جانے کے راستے میں کابینہ رکاوٹ ہے ،اگر وہ لندن جاتی ہیں تو اپوزیشن کی سیاست میں بھی تبدیلی آئے گی اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو بھی اپنی سیاست کے بارے سوچنا پڑے گا ۔ شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کی کوشش ہے کہ کرپشن کا خاتمہ کیا جائے ،ملک میں آٹے کا بحران حکومت کے خلاف سازش تھی البتہ چینی کا بحران موجود تھا جن کے ذمے داروں کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی ٗ بھارتی سرکار نے شہریت بل اور دیگر اقدام کر کے کشمیر کے مسئلے کو زندہ کیا ٗ بھارت میں مسلمان لڑکیاں پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگا رہی ہیں۔پاکستان کی ایف اے ٹی ایف کی طرف سے گرے لسٹ میں موجودگی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں شیخ رشیدنے کہاکہ ہماری معاشی ٹیم اس سلسلے میں بہت کوششیں کر رہی ہے تا ہم پاکستان پر لوگ عالمی دبائو چاہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ہم ایک سمت میں چلیں۔انہوںنے کہاکہ چین ہمارا دوست ہے اور ہم چین کی دوستی سے دوری کا سوچ بھی نہیں سکتے ۔ ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ تیز گام ایکسپریس حادثے کے 65 متاثرین کو معاوضہ مل چکاہے جبکہ باقی 8 لوگوں کے خاندانی مسائل ہیں ان کے حل کے بعد ان کو بھی معاوضہ مل جائے گا۔انہوںنے کہاکہ ریلوے میں پنشن کے معاملے پر کابینہ کی کمیٹی بن چکی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ دیگر محکموں کی طرح ریلوے کی پنشن بھی حکومت اپنے ذمے لے تو ریلوے کا خسارہ کم ہو جائے گا،ریلوے مزدوروں کی تنخواہیں بڑھانے کا معاملہ بھی کابینہ میں لے کر گئے ہیں، کوشش ہے کہ ان کی بھی تنخواہیں بڑھیں،ہم ریلوے کا خسارہ اسی سال ہی کم کریں گے ۔ انہوںنے کہاکہ اپریل کے آخر تک ہم اپنی کوچز کونئی شکل دینے والے ہیں۔