وزیراعظم اپنوں کی سرپرستی چھوڑ دیں تو مہنگائی کم ہوجائے گی، سراج الحق

291

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اپنے پیاروں کی سرپرستی چھوڑ دیں تو مہنگائی میںخود بخود کمی آنا شروع ہوجائے گی۔بجلی و گیس کے ساتھ ساتھ تیل اور خردونوش کی قیمتوں کو بھی کم از کم ایک سال کیلئے منجمد کیا جائے ۔

سینیٹر سراج الحق نے پشاور میں مصالحتی جرگہ کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چوری اور لائن لاسز حکومت کی نااہلی ہے اس کا بوجھ عوام پر کیوں ڈالا جارہا ہے؟ تیل کی قیمتیں عالمی مارکیٹ کے مطابق کرکے اور بجلی چوری و لائن لاسزپر قابو پاکر مہنگائی میں خاطر خواہ کمی لائی جاسکتی ہے ۔اس سے بڑا ظلم کیا ہوسکتا ہے کہ حکومت بجلی چوروں کو جانتے ہوئے بھی پکڑنے کی زحمت نہیں کرتی، غریب روٹی کے نوالے کو ترس رہے ہیں اوروزیر اعظم روزانہ قوم کو لالی پاپ دیتے رہتے ہیں ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ طالبان اور امریکہ کے درمیان معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان کا امن افغانستان کے امن سے جڑا ہوا ہے ۔افغانستان سے امریکی فوجوں کا جلد ازجلد انخلا خطے میں امن اور ترقی کیلئے ضروری ہے ۔ایف اے ٹی ایف کے معاشی سے زیادہ سیاسی مقاصد ہیں ،عالمی سامراج ایف اے ٹی ایف کو عالم اسلام کے خلاف استعمال کررہا ہے ۔پاکستان کو دباؤ میںرکھنے کیلئے ایف اے ٹی ایف ہر چار ماہ بعد پھر گرے لسٹ میں ڈال دیتا ہے ۔جماعت اسلامی کی سیاست کا مرکز و محور عوام کی خدمت ہے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملک پر مسلط ظالمانہ نظام کے ہوتے ہوئے پاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔سابقہ حکمرانوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے موجودہ حکمرانوں نے بھی ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کی غلامی کی پالیسی کو اپنا رکھا ہے ۔سابقہ حکمرانوں نے 31ہزار ارب قرضہ لیکر قوم کو آئی ایم ایف کی زنجیروں میں جکڑ ا تھا او ر موجودہ حکومت نے صرف اٹھارہ میں میں گیارہ ہزار ارب قرضہ لیکر غلامی کے اس شکنجے کو مزید کس دیا ہے ۔