پی ایس ایل 5؛ آج دو سنسنی خیز میچز کھیلے جائیں گے

474

کراچی /لاہور: پاکستان سپر لیگ فائیو  میں میچز کا سلسلہ جاری ہے آج کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مقابلہ پشاور زلمی سے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم ملتان سلطان کےمد مقابل آئے گی۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 5 میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پشاور زلمی کا سامنا کرنا ہے، دفاعی چیمپئن نے افتتاحی میچ میں 2بار ٹائٹل جیتنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کوزیر کرتے ہوئے سفر کا کامیاب آغاز کیا تھا،سرفراز احمد کی زیرقیادت کھیلنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شین واٹسن، جیسن رائے،احمد شہزاد، احسن علی اور ان فارم بین کٹنگ جیسے اسٹار بیٹسمین شامل ہیں۔

سابق پی ایس ایل چیمپئن پشاور زلمی کو گزشتہ روز کراچی کنگز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، وہ اس کا ازالہ کرنے کی کوشش کرے گی جبکہ زلمی کی قیادت کے فرائض ڈیرن سیمی نبھا رہےہیں  دیگر کھلاڑیوں میں کامران اکمل، ٹام بینٹن، شعیب ملک،حسن علی اور وہاب ریاض جیسے نامور کھلاڑی شامل ہیں۔

دوسری جانب لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں رات  کو اسلام آباد یونائٹیڈ اور ملتان سلطانز میں مقابلہ ہوگا ، اسلام آباد کی قیادت نوجوان اسپنر شاداب خان کررہے ہیں  ،یونائیٹڈ کی ٹیم پہلا میچ ہارنے کے بعد اب فتح کیلیے کوشاں ہے، دیگر کھلاڑیوں میں لیوک رونکی، ڈیوڈ میلان، کولن منرو اور آصف علی جیسے جارح مزاج بیٹسمین موجود ہیں جبکہ بولنگ میں محمد موسیٰ اور فہیم اشرف سے امیدیں وابستہ ہیں۔

شان مسعود کی قیادت میں ملتان سلطان گزشتہ روز اپنا پہلا میچ جیت چکی ہے جسم یں اس نےلاہور قلندرز کو زیر کیا ،ملتان کی ٹیم میں رلی روسو، جیمز ونس، وائن میڈسن، خوشدل شاہ ،آل راؤنڈرز میں شاہد آفریدی جیسا بڑا نام بھی موجود ہے جبکہ  بولنگ میں معین علی، روی بوپارا اورعمران طاہر  کی خدمات میسر ہیں۔