منشیات فروشی کے خلاف کاروائی کی جائے گی جو افسران شکایات کا ازالہ نہیں کرے گا وہ معطل کیا جائے گا،صوبائی مشیر جیل خانہ جات اعجاز جکھرانی

223

کراچی( اسٹاف رپورٹر) ضلع کورنگی میں عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری لگائی گئی ، خورشید گرس کالج شاہ فیصل کالونی 2 میں منعقد کھلی کچہری میں عوام نے کھل کر اپنے مسائل کی نشاندہی کی اورصوبائی مشیر جیل خانہ جات اعجاز جکھرانی نے عوام کے مسائل سننے کے بعد ان کے حل کے لیے موقع پر ہدایت جاری کیں۔ کھلی کچہری میں عوام نے پانی کی فراہمی، سیوریج، سڑکوں محلوں کی صفائی اور منشیات کے خلاف شکایات کی۔

اس موقع پر صوبائی مشیر جیل خانہ جات و بین الصوبائی رابطہ میر عجاز جکھرانی نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ضلع کورنگی میں اب منشیات فروشی کی شکایت نہیں ملنی چاہیے۔منشیات کی شکایات پر متعلقہ پولیس آفیسر کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔

جو افسران شکایات کا ازالہ نہیں کریں گے انکو معطل کیا جائے گا۔ کھلی کچہری میں اس علاقے سے منتخب پی ٹی آئی کے نمائندوں کی عدم شرکت ان کی غیر سنجیدگی کا ثبوت ہے۔ پی ٹی آئی کا کام بس یہ رہ گیا ہے کہ وہ ہماری اسکیموں پر اپنی تختی لگانے آجاتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کو کھلی کچہری میں سامنے آنے والے عوامی مسائل کے متعلق آگاہ کروں گا۔کھلی کچہری میں ضلع کورنگی کے مختلف علاقوں سے آئے عوام نے بھرپور شرکت کی ،جبکہ کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر کورنگی، ایس ایس پی کورنگی، واٹر بورڈ، کے الیکٹرک، کے ڈی اے، کے ایم سی اور کے ڈی اے کے افسران بھی شامل تھے ۔