ملک بھر میں عوام مہنگائی کی دہائی دے رہے ہیں،حمزہ شہباز

90

لاہور (نمائندہ جسارت) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نئے پاکستان کا نعرے لگانے والوں نے پرانے پاکستان کوبھی کفن پہنا دیا،عمران خان کے اردگرد بیٹھنے والے آٹا، چینی بحران میں ملوث ہیں، کسی حکومتی ذمہ دار کیخلاف کارروائی نہیں ہوئی، چوری بھی ہے اور سینہ زوری بھی ۔لاہور میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں عوام آج مہنگائی کی دہائی دے رہے ہیں، پی ٹی آئی کے وزرا بھی مہنگائی کے خلاف بات کر رہے ہیں اور وہ کہتے ہیں عوام کا سامنا کیسے کریں، وزیراعظم کہتے ہیں مجھے معلوم ہے چینی بحران کے پیچھے کون ہے اور کہتے ہیں ایکشن لیں گے لیکن قوم کہتی وہ ایکشن کب ہو گا، ایکشن شہبازشریف اور نوازشریف پر ہونا ہوتا تو اب تک ہو چکا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان کا نعرے لگانے والوں نے پرانے پاکستان کوبھی کفن پہنا دیا اور ابھی مہنگائی کی شروعات ہوئی ہے، آج تک کسی حکومتی ذمہ دار کے خلاف کارروائی نہیں ہو سکی، جن کے خلاف ایکشن ہونا تھا جو آٹا ،چینی بحران کے ذمہ دار ہیں وہ خان صاحب کے اردگرد بیٹھے ہیں جبکہ گورنر اسٹیٹ ہماری ایکسپورٹس کا سوڈان ایتھوپیا سے موازنہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے دن ہی میثاق معیشت کی بات کی تھی، آج سب مہنگائی کی دہائی دے رہے ہیں، پی ٹی آئی کے وزرا کہتے ہیں لوگوں کا سامنا کیسے کریں ؟ پاکستان کی تاریخ میں اتنا قرض نہیں لیا گیا۔