حکومت نے غریب عوام کو زندہ درگورکردیا، حافظ ادریس

190

لاہور(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے مرکزی رہنماحافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ حکومت نے غریب کو زندہ درگور کردیاہے۔مہنگائی اور بے روزگاری سے عام آدمی پس کر رہ گیا ہے۔اب تو یوٹیلیٹی اسٹوروں پر بھی کھانے پینے کی اشیا کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کررہی ہیں۔لوگ فاقہ کشی پر مجبور ہیں جبکہ حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ محمد ادریس نے کہا کہ حکمرانوں نے مدینے کی ریاست کا نعرہ لگا کر عوام کو 2 وقت کے کھانے سے بھی محروم کردیا ہے۔یہ مدینے کی ریاست کو بدنام کرنے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدینے کے حکمران تو جب تک عوام کو پیٹ بھر کر کھلا نہیں لیتے تھے خود نہیں کھاتے تھے اور ہمارے حکمران عوام سے چھین کر خو د کھا رہے ہیں۔عوام سے چھت اور روزگار بھی چھینا جارہاہے۔لوگ بچوں سمیت خودکشیوں پر مجبور ہوچکے ہیں۔کاروبار ٹھپ ہیں اور گھروں سے بھوکے بچوں کی چیخ وپکار سنائی دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے حکمرانوں کو جھولیاں بھر بھر کر ووٹ دیے تھے اب وہی جھولیاں اٹھا اٹھاکر حکومت کو بددعائیں دے رہے ہیں۔