کھیل کے میدانوں میں دو قومی نظریے اور تہذیبی قدروںکو پامال نہ کیا جائے، لیاقت بلوچ

457

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کھیل نوجوانوں کو متحرک کرتا ہے لیکن کھیل کے میدانوں کو دو قومی نظریے اور ثقافتی و تہذیبی قدروں کو پامال نہ کیا جائے۔جے یو آئی یوتھ کے نوجوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کرکٹ مقابلوں کا پاکستان میںانعقاد خوش آئند ہے۔نوجوانوں کا جوش و جذبہ اچھا ہے۔یہ المیہ ہے کہ دیگر ممالک کی نقالی میں اپنی قومی تقاریب کو ان کے رنگ میں رنگ دینا ریاست مدینہ کے نظام اور اعلان کو دھندلا رہاہے۔پی ایس ایل کے تمام مقابلے ملک کے اندر منعقد ہونا دہشت گردی کے خلاف جنگ کے شہدا کے خون کا ثمر ہے۔علاوہ ازیں برطانیہ اور آزاد جموں و کشمیر سے کشمیری رہنمائوں جہانگیر خان،بشارت بٹ سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ بیرون ملک کشمیریوں اور پاکستانیوں نے تحریک آزادی کشمیر کے لیے زبردست احتجاج ،مظاہروں کے ذریعے تاریخی اقدمات کیے ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں کرفیو لاک ڈائون،انسانی حقوق کی بدترین پامالی کو 200دن ہوگئے۔نریندرمودی ظلم ،جبر تباہی بربادی پھیلانے سے رک نہیں رہے۔ مقبوضہ جموں وکشمیراور پورے بھارت میں دہلی سرکارکے خلاف ہنگامہ ہے اگر یہ صورت حال کسی اسلامی ملک میں ہوتی تو امریکا ،یورپ اور اقوام متحدہ متحرک ہوتے اور اب تک ان پر سخت ترین پابندیاں لگ گئی ہوتیں۔عالمی برادری نے بھارتی فاشٹ حکمرانوں کو کھلی چھوٹ کیوں دی ہوئی ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ حکومتی اقدامات نمائشی ہیں۔ مہنگائی بے روزگاری ،رشوت،کرپشن جاری ہے۔ ذخیرہ اندوز حکومت اور اپوزیشن بڑی جماعتوں کے چیلے ہیں ۔ جماعت اسلامی مہنگائی بے روزگاری کے خلاف ملک گیر رابطہ عوام مہم میں عوام کو متحرک اور متحد کرے گی۔