صدر مملکت کی تمام بینکوں کو معذورافراد کے کوٹے پر عملدرآمدیقینی بنانے کی ہدایت

271

اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے تمام بینکوں کو معذورافراد کے کوٹہ پر عملدرآمد، انہیں تربیت اور ملازمتوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ صدر نے جمعہ کو تمام بینکوں کے سی ای اوز اور صدور سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ معذور افراد بہت محنتی ہوتے ہیں، اداروں کو چاہییکہ وہ معذورافراد اور خواتین کی حوصلہ افزائی کریں۔ حکومت ایسے افراد کواکیلا نہیں چھوڑ سکتی، خصوصی افراد معاشرے کا خصوصی حصہ ہوتے ہیں، بینک مالی اور فلاح و بہبود کے پروگراموں کے ذریعے ان کی مدد کریں، بینکوں کو حکومت کی جانب سے خصوصی افراد کے لیے مختص کوٹہ پر عملدرآمد کرنا چاہیے۔ صدر نے کہا کہ کئی نجی اداروں نے خصوصی افراد کو روزگار دیا ہے، بینک اسپیشل پروگراموں کے ذریعے خصوصی افراد کا بوجھ کم کر سکتے ہیں، حکومت اس ضمن میں بینکوں کو مکمل معاونت فراہم کرے گی۔ قبل ازیں سٹیٹ بینک کے گورنر رضا باقر نے صدر مملکت کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹ بینک اور دیگر حکومتی اورکمرشل بینکوں نے خصوصی افراد کے حوالے سے کئی اقدامات کیے ہیں جن میں انہیں روزگار کی فراہمی اور بینکوں میں ریمپس اوروہیل چیئرز کی فراہمی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ فنانشل اور کریڈٹ گارنٹی کی سکیمیں بھی شروع کی گئی ہیں۔ بینکوں کے سی ای اوز اور صدور نے خصوصی افراد کے لیے ڈیجیٹل/ای بینکنگ اور تعلیم و ہنر کے پروگرام شروع کرنے کی تجاویز پیش کیں۔ ملاقات میں خاتون اول ثمینہ علوی، بینکوں کے سی ای اوز اور صدور اور سینئرحکومتی افسران نے شرکت کی۔