امریکا کے ساتھ امن معاہدہ 29 فروری کو ہوگا،افغان طالبان کی تصدیق

405

افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین کا کہنا ہے کہ افغان طالبان اور امریکا کے درمیان امن معاہدہ29 فروری 2020 کو عالمی مبصروں کی موجودگی میں ہوگا۔

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ امن معاہدے سے قبل اعتماد سازی کی بحالی کے لیے 7 روز کے لیے پرتشدد کارروائیاں روکنے پر اتفاق ہوگیا ہے،جس کے بعد آج رات 12 بجے سے پرتشدد واقعات کی کمی کے سمجھوتے پر عمل درآمد شروع ہوجائے گا۔

عارضی جنگ بندی کے معاہدے کےتحت ایک ہفتے تک فریقین کی جانب سے کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔

دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر افغان طالبان کےترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا کے ساتھ  29 فروری کو ممکنہ طور پر امن معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے،معاہدے کی تقریب میں کئی ممالک اور عالمی تنظیموں کے نمائندے بطور گواہ شریک ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کے ساتھ معاہدے کے تحت تمام غیر ملکی افواج افغانستان سے نکل جائیں گی اور کسی کو بھی افغان سرزمین دوسروں کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

سہیل شاہین نے امن عمل میں حصہ بننے والے ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امن عمل میں حصہ لینے والے قطر اور دیگر ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔