امریکی جہاز ہرکولیس کے کراچی بندرگاہ سے پورٹ قاسم منتقلی کے خلاف کے پی ٹی کی مزدور یونین سڑکوں پر آگئی،

839

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کیماڑی میں جان لیوا آلودگی کا سبب قرار دیئے گئے بحری جہاز ہرکیولیس کی کراچی بندرگاہ سے پورٹ قاسم منتقلی کے خلاف کے پی ٹی کی مزدور یونین سڑکوں پر آگئی، یونائیٹڈ لیبر فرنٹ کے رہنماﺅں کی قیادت میں کراچی پورٹ پر کام کرنے والے مزدوروں نے کراچی بندر گاہ کے باہر مرکزی شاہراہ پر احتجاج کیا۔

احتجاج کے شرکا میری ویدر ٹاور پر واقع کراچی پورٹ ٹرسٹ کے ہیڈ آفس سے جلوس کی شکل میں نمودار ہوئے۔ ڈھائی ہزار سے زائد مزدور کے پی ٹی سے روانہ ہوکر نیٹی جیٹی پل پر پہنچے جہاں کافی دیر تک احتجاج کرنے کے بعد منتشر ہوگئے۔ مزدوروں کاکہناتھاکہ مستقبل میں سویا بین کے جہاز صرف بن قاسم پر جانے سے کراچی پورٹ کی لیبر بے روزگار ہو جائیں گے۔

لیبر یونین کے مطابق کیماڑی سانحے کی حتمی رپورٹ آنے سے قبل جہاز کو منتقل کرنے کا فیصلہ کے پی ٹی لیبر کو بے روزگار کرنے کی سازش ہے، وزار ت پورٹ اینڈ شپنگ کیماڑی سانحے کے اصل حقائق جانے بغیر اپنا بزنس پوٹ قاسم منتقل کیوں کر رہی ہے؟ ۔انہوں نے کہاکہ آج کا احتجاج کراچی پورٹ کے مزدوروں کے معاشی قتل اور پورٹ پر بے بنیاد الزامات کے خلاف ہے۔

مظاہرین نے کہاکہ سویا بین میں اگر خرابی ہے تو اسے پورٹ قاسم کیوں منتقل کیا جا رہا ہے، پورٹ قاسم کے اطراف بھی انسانی بستیاں آباد ہیں، پورٹ قاسم پر اگر سویا بین ڈسچارج کیا جائے گا تو ادھر کی آبادی کیا متاثر نہیں ہوگی۔مزدوروں نے احتجاج کے دوران بندرگاہ جانے والا راستہ بند کردیا جس کے باعث ٹریفک جام ہوا۔مظاہرین نے بندرگاہ تک جانے والا راستہ بند کرکے دو گھنٹے تک جناح فلائی اوور اور مرکزی شاہراہ پر احتجاج کیا اور پھر پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔