لیاری فٹبال گراؤنڈ پر 10 کروڑ روپے کی لاگت سے تزئین و آرائش کی جائے گی،سید ناصر حسین شاہ

594

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراطلاعات و بلدیات سندھ سیدناصرحسین شاہ نے کہا ہے کہ لیاری کو نئی ترقیاتی اسکیمیں دی جارہی ہیں، گراؤنڈ نوجوانوں کی تربیت گاہ ہوتے ہیں انکو آباد رکھیں گے، کھیل کے میدانوں سے بڑے بڑے ناموں نے جنم لیا ہے،

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعے کو لیاری فٹبال اسٹیڈیم میں جاری آل کراچی فٹبال ٹورنامنٹ میں شرکت کے بعد اپنے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر انکے ہمرا ہ ممبر قومی اسمبلی ارشاد خان سیال اور وزیر اعلیٰ کے کوآرڈینیٹر شہزاد میمن اور لیاری کی مقامی قیادت بھی موجود تھی،

صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ گراؤنڈ کے لئے مقامی قیادت کی جانب سے دی گئی تجاویز پر عمل کیا جائے گا۔ چیئرمین بلاول بھٹو ذرداری کی ہدایت پر لیاری فٹبال گراؤنڈ کے لئے 10 کروڑ روپے کی اسکیم دی جائے گی،

اسکیم سے گراؤنڈ میں آرٹیفیشل ٹرف (مصنوعی گھاس) اور گراؤنڈ کی مرمت اور خوبصورتی کا کام کرایا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ لیاری کے لئے نئی ڈیویلپمنٹ اسکیمیں دی جارہی ہیں اور پینے کے پانی کے فلٹر پلانٹس کو جلد مرمت کرکے استعمال کے لئے کھول دیا جائے گا،

انھوں نے مزید کہا کہ علاقے میں مزید پانی کے فلٹر پلانٹس لگائے جائیں گے، ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کی مرمت بھی شروع کی جارہی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ گراؤنڈ نوجوانوں کی تربیت گاہ ہوتے ہیں انکو آباد رکھیں گے،

کھیل کے میدانوں سے بڑے بڑے ناموں نے جنم لیا ہے۔ سید ناصر حسین شاہ نے آل کراچی فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کے اختتام پر ونر اور رنر ٹیموں میں انعامات اور کیش رقم تقسیم کی جبکہ جیتنے والی ٹیم کو اپنی جانب سے 50 ہزار اور رنر آنے والی ٹیم کو 25 ہزار انعام دیا گیا۔