جماعت اسلامی کا مہنگائی و بے روزگاری کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان

483

جماعت اسلامی پاکستان نے ملک میں مہنگائی، بے روز گاری اور کرپشن کے خلاف ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کردیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کیا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ موجودہ پاکستان میں زندگی گزارنا مشکل ہوگیا ہے، پاکستان اور عوام مشکل سے دوچار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے جتنے وعدے کیے تھے وہ سبز باغ تھے، 540 دن گزر گئے حکومت کا سفر الٹی سمت چل رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ حکومت کے کچھ لوگ خوشحال اور عوام بدحال ہوگئے ہیں، بجلی کی قیمت میں سوفیصد اضافہ کیا گیا ہے جس سے عوام کی مشکلات اور بڑھ گئی ہیں، لہٰذا جماعت اسلامی مہنگائی، بے روز گاری اور کرپشن کے خلاف ایک ملک گیر تحریک کا آغاز کرنے جا رہی ہے۔