سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ڈاکٹر محمد علی شاہ آڈیٹوریم کا افتتاح کر دیا گیا ۔

492

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے سینٹرل پولیس آفس میں قائم کیئے جانیوالے ڈاکٹر محمدعلی شاہ آڈیٹوریم کا افتتاح کردیا۔

آئی جی سندھ نے تقریب میں شریک معززمہمانانِ گرامی کو خوش آمدید کہا اورآڈیٹوریم کی تعمیر میں ڈاکٹرجنید علی شاہ کے تعاون پر انکا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے مقصود میمن کو جملہ تعمیراتی مراحل انتہائی محنت اور لگن کے ساتھ مکمل کرنے پرشاباش دی۔انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس قابل ماہراورباصلاحیت پولیس افسران اور جوانوں پرمشتمل ایک ایسی فورس ہے جسکے کارہائے نمایاں میں شہیدوں کا لہو شامل ہے ۔مجھے اپنے افسران اور جوانوں پر فخر ہے ۔اس موقع پر انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرمحمدعلی شاہ مرحوم ایک ماہر آرتھوپیڈک سرجن کے ساتھ ساتھ کرکٹ کے کھیل کے بہت بڑے شائق اور بہترین کرکٹر بھی تھے۔

کراچی کے میدانوں کوکھیل کود کی سرگرمیوں کا حصہ بنانے اورکرکٹ کے فروغ کے لیئے انکے اقدامات ناقابلِ فراموش اورلائق ستائش ہیں۔انہوں تقریب میں سائمن ٹوفل کی آمد پر انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سائمن ٹوفل ایک انسان دوست شخصیت کا نام ہے، یہ ایک بہترین کرکٹر،ایمپائر ہونے کے ساتھ ساتھ دنیائے کرکٹ کا عظیم نام بھی ہیں۔انہوں نے کہاکہ انٹرنیشنل کرکٹرز کی پی ایس ایل میں شرکت دنیا کو ایک پیغام ہے کہ سندھ اور بالخصوص کراچی کے عوام کو کرکٹ سے بے پناہ پیار ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل سے اقوام عالم کو یہی پیغام جاتاہے کہ سندھ کے عوام امن پسند اور امن ہی انکا پیغام ہے ۔

ڈاکٹرجنیدعلی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ پولیس ہماری حفاطت کرتی ہے ۔امن وامان کے قیام کی خاطر پولیس کی قربانیاں قابلِ ستائش ہیں۔ہماری خواہش تھی کہ ہم سندھ پولیس کی مدد کریں۔آڈیٹوریم کی تعمیر ایک چھوٹی سے کاوش ہے ہم چاہتے ہیں کہ سندھ پولیس کے ساتھ مدداور تعاون کے اس سلسلے کو جاری رکھیں۔سائمن ٹوفل نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل کے مقابلے میں آج کا پاکستان پرامن ہے اور بالخصوص کراچی میں امن وامان کا تمام تر کریڈٹ آئی جی سندھ ڈاکٹرسیدکلیم امام کو جاتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کرکٹ سے بے پناہ پیار کرتے ہیں یہاں کے لوگ مہمان نواز اور امن پسند ہیں۔

تقریب سے سابقہ آئی جیز نے خطاب میں کہا کہ کسی بھی ادارے میں لیڈر شپ کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے موجودہ آئی جی سندھ ڈاکٹرسیدکلیم امام قائدانہ صلاحیتوں سے مالا مال ہیں اور انھیں کام اور وقت کی اہمیت کے ساتھ ساتھ بروقت اقدامات کا بھی بخوبی ادراک ہے ۔ان کی قیادت میں پولیس فورس ناصرف مستعداور متحرک ہے بلکہ منظم اور پرعزم بھی ہے ۔

واضح رہے کہ آڈیٹوریم کی تعمیرڈاکٹرجنیدعلی شاہ کے تعاون سے کی گئی جبکہ جملہ تعمیراتی امورکی نگرانی ڈی آئی جی آپریشن مقصود میمن نے کی۔افتتاحی تقریب میں ڈاکٹرجنید علی شاہ، عمران علی شاہ سابقہ کرکٹروایمپائر سائمن ٹوفل کے علاوہ ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹرغلام نبی میمن، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ عمران یعقوب منہاس سمیت سابقہ آئی جیزاظہرعلی فاروقی،نیازاحمدصدیقی، سلیم واحدی اور سعود مرزا نے بھی شرکت کی۔