کلفٹن باتھ آئی لینڈ سے گمشدہ ہونے والی10 سالہ بچی کو بازیاب کر ا کے خاتون کو گرفتار کرلیا۔

553

کراچی( اسٹاف رپورٹر) کلفٹن پولیس نے کورنگی کے علاقے گودام چورنگی میں کارروائی کرتے ہوئے 17 فروری کو کلفٹن باتھ آئی لینڈ سے گمشدہ ہونے والی 10 سالہ بچہ کو بازیاب کر ا کے خاتون کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق اے ایس پی کلفٹن زاہدہ پروین نے بتایا ہے کہ 19 فروری کو تھانہ بوٹ بیسن میں محمد ممتاز نامی شخص نے اپنی 10 سالہ بیٹی شانزہ مائی کی گمشدگی کی رپورٹ کرائی تھی کہ 17فروری کو رات 10 بجے سے اس کی ریتی لائن باتھ آئی لینڈ کلفٹن کے علاقے سے لاپتہ ہے ،

جس پر اے ایس پی کلفٹن زاہدہ پروین نے انویسٹی گیشن اور آپریشن پولیس کی ایک خصوصی ٹیم بچی کی بازیابی کے لئے تشکیل دی تھی، پولیس کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ باتھ آئی لینڈ کے ایک اپارٹمنٹ میں کام کرنے والی عورت شمع زوجہ اعجاز کے پاس مغویہ بچی موجود ہے، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ شمع کو گرفتار کرلیا،

ملزمہ شمع کی نشاندہی پر کورنگی کے علاقے گودام چورنگی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مغویہ بچی شانزہ کو بازیاب کرلیا، پولیس نے بتایا ہے کہ گرفتار ملزمہ نے دوران تفتیش بتایاہے کہ اس نے بچی کو اغواءنہیں کیا بلکہ بچی اسے لاوارث ملی تھی ، پولیس ملزمہ سے مزید تفتیش کررہی ہے جبکہ بازیاب ہونے والی بچی شانزہ کو اس کے ورثائ کے حوالے کردیا گیا ہے۔