بلیک لسٹ کا خطرہ ٹل گیا‘ ایف اے ٹی ایف سے مذاکرات مکمل

135

اسلام آباد( آن لائن ) بلیک لسٹ ہونے کا خطرہ ٹل گیا، پاکستان کے ایف اے ٹی ایف سے مذاکرات مکمل ہو گئے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے بتایا گیا کہ پاکستان کا بلیک لسٹ میں جانے کا خطرہ ٹل گیا ہے، باضابطہ اعلامیہ آج جاری کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ کا کہناہے کہ 13 کارکردگی اہداف پر جون 2020 ء میں دوبارہ جائزہ لیا جائے گاجبکہ حتمی جائزہ ستمبر 2020ء تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی جائے گی۔ پیرس میں جاری اجلاس کے دوران پاکستان کی پیش کردہ رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے والوں کے خلاف کی گئی کارروائی سے آگاہ کیا اور بتایا کہ فنڈنگ روکنے کے لیے تمام اہداف پر پیشرفت کی گئی ہے۔پاکستانی وفد نے بتایا کہ منی لانڈرنگ میں ملوث افراد پر جرمانہ دگنا کرنے کی قانون سازی آخری مراحل میں ہے جبکہ 27 ایف اے ٹی ایف کے اہداف میں سے 14 پر واضح پیشرفت کی ہے۔منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کی جائدادیں ضبط کی جائیں گی جبکہ مشکوک ٹرانزیکشن رپورٹ کا ڈیٹا 5 سال کے بجائے 10 سال تک رکھا جائے گا۔ اجلاس میں دہشت گردوں کی فنڈنگ روکنے کے لیے پاکستان کی حکمت عملی اور رپورٹ پر رکن ممالک نے اطمینان کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ایف اے ٹی ایف حکام کے بیجنگ اجلاس میں پاکستان کو اس وقت بڑی کامیابی حاصل ہوئی تھی جب بھارت کی تمام تر سازشوں کے باوجود بیشتر ممالک نے پاکستان کی کارکردگی کو سراہا تھا۔ پاکستان ایف اے ٹی ایف کی جانب سے دیے گئے بیشتر ٹاسک پورے کرنے میں کامیاب رہا ہے، جس کے بعد اب پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکال دیے جانے کے واضح امکانات ظاہر کیے جا رہے تھے۔