جرمنی ،شیشہ بار پر فائرنگ حملہ آور سمیت 10 ہلاک

809

برلن (انٹرنیشنل ڈیسک) جرمنی کے شہر ہناؤ میں دو علاحدہ واقعات میں 8 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ مشتبہ حملہ آور اور اس کی ماں کی لاشیں ایک فلیٹ سے برآمد ہو گئیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق مغربی جرمنی کی پولیس کا کہنا ہے کہ ہناؤ شہر میں بدھ کی رات 2 مختلف شیشہ بار میں فائرنگ کے واقعات پیش آئے۔ واقعہ مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً 10 بجے پیش آیا۔ حملہ آور نے پہلے ہناؤ شہر میں ایک شیشہ بار پر مبینہ طور پر اندھا دھند فائرنگ شرو ع کردی جس میں 3 افراد ہلاک ہوگئے۔ جس کے بعد حملہ آور فرار ہوکر شہر ہناؤ کے ڈسٹرکٹ کیزل اشٹڈ کے نواح میں پہنچا اور ایک دوسرے شیشہ بار پر فائرنگ کردی، جہاں 5 افراد مارے گئے۔ دونوں واقعات میں کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے ہلاک اور زخمی ہونے والے غیر ملکی پس منظر کے حامل افراد ہیں۔ واقعے کے فوری بعد حکام نے پورے علاقے کا محاصرہ کرلیا اور خصوصی فورسز نے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کردی۔ پولیس کے مطابق جمعرات کی صبح مشتبہ حملہ آور کی لاش اس کے فلیٹ سے برآمد ہوئی جب کہ اس کے ساتھ اس کی والدہ کی لاش بھی ملی ہے۔ حکام کو شبہہ ہے کہ ملزم دائیں بازو کا شدت پسند تھا اور یہ واقعہ غیر ملکیوں سے نفرت کا نتیجہ ہے۔ جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نسل پرستی ایک زہر ہے اور یہ ہمارے معاشرے میں موجود ہے۔ انہوں نے نفرت انگیز رجحانات کو کئی جرائم کا ذمے دار بھی قرار دیا۔ صوبائی وزیر داخلہ کے مطابق کارروائی کو دہشت گردانہ واقعے کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔