امریکی وزیرخارجہ کی شاہ سلمان سے ملاقات فوجی اڈے کا دورہ

250
ریاض: امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سعودی فرماں روا سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کررہے ہیں

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے جمعرات کے روز سعودی دارالحکومت ریاض میں فرماں روا سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی۔ خبر رساں اداروں کے مطابق دونوں رہنماؤں کے مابین بات چیت میں خطے کی تازہ صورت حال خصوصاً ایران اہم موضوع تھا۔ واضح رہے کہ مائیک پومپیو بدھ کی شام سعودی عرب کے 3 روزہ دورے پر ریاض پہنچے تھے۔ جہاں انہوں نے واشنگٹن میں تعینات سعودی سفیر شہزادی ریما بن بندر کی رہائش گاہ پر سعودی کاروباری خواتین رہنماؤں سے ملاقات کی۔ سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شاہ سلمان سے ملاقات میں پومپیو نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے فروغ اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر موقف کا اعادہ کیا۔ بعد ازاں مائیک پومپیو سعودی عرب کے شہزادہ سلطان ائربیس پر گئے، جہاں انہوں نے تعینات امریکی فوجیوں سے ملاقات کی۔ یاد رہے کہ ا یران سے خطرات کے پیش نظر تقریباً ڈھائی ہزار امریکی اہل کاروں کو گزشتہ برس اس فوجی اڈے پر تعینات کیا گیا تھا۔ یہاں امریکی فضائیہ کا ایف 15 ای لڑاکا جیٹ کا ایک اسکواردن بھی موجود ہے۔ یہ طیارے روزانہ عراق اور شام پر پروازیں کرتے ہیں۔ فوجی اڈے پر امریکی پیٹریاٹ میزائلوں کی 2 بیٹریاں بھی نصب ہیںامریکی وزیر خارجہ نے سعودی عرب آمد سے قبل بیان جاری کیا تھا کہ واشنگٹن تہران کے ساتھ کسی بھی وقت مذاکرات کے لیے تیار ہے تاہم ایران کو اس سے پہلے اپنے کردار میں بنیادی تبدیلی لانی ہوگی۔ اُدھر امریکی صدر ٹرمپ نے جرمنی میں تعینات سفیر رچرڈ گرینیل کو نیشنل انٹیلی جنس کا قائمقام ڈائریکٹر تعینات کردیا ہے۔ جو جوزف مگوائر کی جگہ لیں گے۔ اس فیصلے کی سینیٹ سے توثیق لازمی نہیں تاہم ماہرین نے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر کو اس اہم عہدے پر ایسے شخص کو تعینات کرنا چاہیے جس کا خصوصاً انٹیلی جنس امور میں وسیع تجربہ ہو۔