تمل ناڈو میں مختلف حادثات‘ 28 افراد ہلاک‘ کئی زخمی

160
چنائے: بھارتی ریاست تمل ناڈو میں حادثے کے بعد بس سے لاشوں اور زخمیوں کو نکالا جا رہا ہے

چنائے (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت کی جنوبی ریاست تمل ناڈو میں 3ٹریفک حادثات میں 28افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق اویناشی قصبے کے قریب مسافر بس اور کنٹینر ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 20افراد ہلاک ہوئے۔ مقامی پولیس کے مطابق تباہ ہونے والی بس میں 48 مسافر سوار تھے، جن کا تعلق پڑوسی ریاست کیرالا سے تھا۔ حادثے میں 5خواتین بھی ہلاک ہوئیں،جب کہ مرنے والوں میں بس ڈرائیور اور کنڈیکٹر بھی شامل ہیں۔ بس نے بدھ کی رات جنوبی شہر بنگلور سے اپنا سفر شروع کیا تھا اور وہ کیرالا کے ایروناکلم کی طرف جا رہی تھی۔ عینی شاہدین کا کہناتھا کہ ٹرک مخالف سمت سے آرہا تھا اور ٹکر سے بس کا ایک حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرک کا ڈرائیور سو رہا تھا اور ہوسکتا ہے ٹرک کا ٹائر پھٹ گیا ہو۔ دوسرا حادثہ 2بسوں کے ٹکرانے سے پیش آیا،جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے۔ حادثے میں تباہ ہونے والی ایک بس کنیا کماری سے ریاست راجستھان کی طرف جار رہی تھی۔ ادھر ریاستی دارالحکومت چنائے میں فلم کی عکس بندی کے دوران کرین گرنے سے 3افراد ہلاک ہوئے۔ حادثے میں دیگر 9افراد زخمی بھی ہوئے،جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔