انور علی کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے اسکواڈ کا حصہ

270

کراچی: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے آل راؤنڈر انور علی کو پی ایس ایل 5 کیلئے اسکواڈ میں شامل کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق  پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1  کے تحت آج صبح عمر اکمل کو فوری طور پرمعطل کردیا تھا جس کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے انور علی کواسکواڈ میں شامل کرلیا جبکہ پی ایس ایل کی ٹیکنکل کمیٹی نے بطور متبادل کھلاڑی انور علی کے نام کی منظوری دے دی ہے۔

پی سی بی  کی ٹیکنکل کمیٹی میں ڈاکٹر سہیل سلیم، سمیر کھوسہ، مرینہ اقبال اور بازید خان شامل ہیں جبکہ اس کے سربراہ وسیم خان ہیں۔بطور متبادل کرکٹر پی ایس ایل 5 میں انور علی کا انتخاب سلورکٹیگری میں کیا گیا ہے۔

قبل ازیں انور علی پی ایس ایل کے تمام ایڈیشنز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرچکے ہیں۔انور علی اب تک 32 پی ایس ایل میچوں میں 191 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 23 وکٹیں بھی حاصل کرچکے ہیں۔