ایکسچینج ریٹ مستحکم اور زرمبادلہ ذخائر تسلی بخش سطح پر ہیں، گورنر اسٹیٹ بینک

394

اسلام آباد: گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا کہ لوگ شرح سود اور ایکسچینج ریٹ پر بغیر پڑھے تبصرہ کرتے ہیں، ہماری ویب سائٹ پر مانیٹری پالیسی اسٹیٹمنٹ موجود ہے جسے پڑھ لینا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے سی ای او سمٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے موجودہ معیشت کی صورتحال سے متعلق کہا کہ ایک سال پہلے کی صورتحال اور آج میں بہت فرق آچکا ہے، کچھ عرصے پہلے ہمارے معاشی اشاریوں کی صورتحال اچھی نہیں تھی۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ اب ایکسچینج ریٹ مستحکم اور زرمبادلہ ذخائر تسلی بخش سطح پر ہیں لیکن ہماری برآمدات کا تناسب بہت کم ہے ،ہماری برآمدات کا جی ڈی پی سے تناسب 10 فیصد سے بھی کم ہے جبکہ کئی غریب ترین ممالک کی یہ شرح پاکستان سے بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگ شرح سود اور ایکسچینج ریٹ پر بغیر پڑھے تبصرہ کرتے ہیں، ہماری ویب سائٹ پر مانیٹری پالیسی اسٹیٹمنٹ ہے جسے پڑھ لینا چاہیے،لوگوں کو یہ بات جاننا ہوتی ہے کہ ایکسچینج ریٹ اور پالیسی ریٹ کیا ہو گا، دراصل پالیسی ریٹ کا تعین اسٹیٹ بینک کی کمیٹی کرتی ہے جس میں کوئی حکومتی رکن نہیں ہوتا۔

رضا باقر نے بتایا کہ ملک میں مہنگائی کو دیکھتے ہوئے پالیسی ریٹ کا تعین کیا جاتا ہے جبکہ  ہمارا وعدہ ہے کہ ایکسچینج ریٹ کا تعین مارکیٹ خود کرے گی۔