واٹر بورڈ :معاہدے پر موجود وکیل کا معاوضہ9 لاکھ 50 ہزارروپے ماہانہ کردیا گیا

110

کراچی(رپورٹ:محمدانور)کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈنے ( کے ڈبلیو اینڈ ایس بی ) مشیر قانون کے ماہانہ معاوضے میں یکمشت 3 لاکھ 50 ہزار روپے کا اضافہ کردیا۔ جس کے بعد یہ معاوضہ بڑھ کر اب 9 لاکھ 50 ہزار روپے ہوجائے گا۔ ’’ جسارت ‘‘کو ملنے والی سرکاری دستاویز کے مطابق عدالت عظمیٰ کے وکیل سمیر غضنفر ایڈووکیٹ کی یکم جنوری کو دی گئی درخواست کو مجاز اتھارٹی نے منظور کرکے ان کے ماہانہ معاوضے میں اضافہ کردیا ہے ۔ نوٹی فکیشن دستاویز میں واضح کیا گیا کہ تبسم غضنفر اینڈ کو کے پارٹنر سمیر غضنفر ایڈووکیٹ کی کنٹریکٹ کی مدت میں بھی معاہدے کے مطابق توسیع کردی گئی ہے۔خیال رہے کہ واٹر بورڈ میں ڈائریکٹر لیگل کی حیثیت سے بھی سابق ڈائریکٹر کی خدمات کنٹریکٹ کی بنیاد پر حاصل کی ہوئی ہے۔ کنٹریکٹ پر موجود مشیر قانون کی موجودگی میں مزید قانونی مشیر یا کمپنی کی خدمات حاصل کرنے کی بظاہر کوئی وجہ نظر نہیں آتی۔یہ بھی خیال رہے کہ ادارے سے ریٹائرڈ ہونے والے افسران، انجینئرز و دیگر کو بقایا جات بھی ادا نہیں کیے جارہے۔ اس ضمن میں متاثرین کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی طرف سے بقایا جات ادا نہ کیے جانے کی وجہ مالی بحران بتائی جاتی ہے ۔