بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، ماضی کی غلطیاں ٹھیک کرینگے، صدر مملکت

145
سبی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سبی میلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے ہیں

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) صدر مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سبی میلے کا تسلسل اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ زندہ قومیں اپنی روایات کو ہمیشہ برقرار رکھتی ہیں، اقتصادی راہدری سے بلوچستان ترقی خوشحالی کی جانب گامزن ہوچکا ہے اب ہمیں بلوچستان کی ترقی نظر آرہی ہے ماضی کی غلطیاں ٹھیک کریں گے، چند دہشت گرد آخر سانس لے رہے ہیں، ان کا خاتمہ بھی جلد ہوگا، ہم نئے دور میں داخل ہوچکے ہے، پاکستان کی پرامن دھرتی اور امن پسند لوگوں کو اب دنیا پہچان چکی ہے اب لوگ اس ملک کا رخ کررہے ہیں۔کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتا ہوں، شہید ہونے والوں کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سبی میلے کا باقاعدہ افتتاح کے بعد بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کمانڈرسدرن کمان لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف ، آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل سید فیاض حسین شاہ،وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان و دیگر بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ تاریخی میلے میں شرکت میرے لیے باعث مسرت ہے، بھرپور کوشش کرکے مسائل کو حل کرنے کے ساتھ ساتھ ترقیاتی منصوبوں اور دیگر فنڈز کا اعلان کریں گے۔ بلوچستان اقتصادی راہدری کے حوالے سے جو ترقیاتی کام ہوئے اس کا انداز ہ ہمیں ہوچکا ہے، گوادر پورٹ پر بھی کام شروع ہوگیا ہے جس انداز سے پورٹ بنایا گیا ہے انڈسٹری بنائی گئی ہے وہ بلوچستان کے ساحلی راستے سے چین تک جائے گا اس کے ساتھ ساتھ اقتصادی انڈسٹری پر کام شروع ہے اقتصادی اور انڈسٹری کے حوالے سے کام ہورہا ہے بلوچستان کی ترقی روشن نظر آرہی ہے چند سالوں میں مزید بہتری کی امید ہے بلوچستان کی زمین مالامال ہے پورے پاکستان کے اندر بلوچستان خطے اراضی کے لحاظ سے بہترین صوبہ ہے بلوچستان کا ساحل بھی معدنی دولت سے بھرا پڑا ہے، فشریز اور ساحل کے لحاظ سے بھی بلوچستان کی ترقی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض ممالک میں جن کے پاس ہم سے بھی چھوٹا ساحل ہے وہ کئی کئی ملین ڈالر کی مچھلیاں بر آمد کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمیں بلوچستان کے ساحل سے فائد ہ اٹھاکر اسے جدید انداز سے آراستہ کرنا ہوگا، صوبے میں لائیواسٹاک کے شعبے کو ترقی دیکر مالداروں کو ریلیف اور ملک کی معاشی ترقی کو بہتر بنانا ہے، لائیواسٹاک کی بہتر کے حوالے بلوچستان کی حکومت بہتر انداز سے کام کررہی ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ وفاق اور بلوچستان سمیت پاک افواج نے ریاست سے دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کردیا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہداء کی قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔