جامعہ سندھ مدرستہ الاسلام کے وائس چانسلر کی مدت مکمل

857

پروفیسر ڈاکٹر محمد علی شیخ کی سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں بطور وائس چانسلر چار سالہ مدت مکمل ہوگئی۔جس کے بعد وہ واپس ڈپارٹمنٹ آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز میں بطور میری ٹوریس پروفیسر کے خدمات سرانجام دیں گے۔

اس موقع پر جامعہ کے سینیٹ ہال میں مختلف شعبہ جات کے سربراہان سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد علی شیخ نے کہا کہ اب وہ شعبہ میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز میں پی ایچ ڈی پروگرام پر توجہ دیں گے۔ اس عہدے پر یونیورسٹی کی مزید ترقی کیلئے سابقہ لگن کیساتھ کام کریں گے اور تحقیق کے کام کو مزید مظبوط کیا جائے گا ۔ جبکہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے متعلق کتاب لکھنے کا سلسلہ بھی جاری ہے گا۔

انہوںکا مزید کہنا تھا کہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کی بہتری کیلئے ان سے جو ممکن ہوسکا وہ کریں گے۔ گذشتہ آٹھ برسوں میں انہوں نے سندھ مدرستہ الاسلام کو ایک اسکول سے جامعہ کے درجے تک پہنچایا، ملازمین اور انکی کوششوں کی وجہ سے اس ادارے نے پاکستان میں اپنا نام روشن کیا، جو کہ سندھ کیلئے بھی ایک بہت بڑے اعزاز کی بات ہے ۔

ڈاکٹر محمد علی شیخ نے کہا کہ ابھی کئی اور کام ہیں جنہیں مکمل ہونا ہے، جن میں ملیر کیمپس کے علاوہ سٹی کیمپس کی توسیع ، ہاسٹلز اور ہاکس بے کیمپس کی تعمیر شامل ہے۔ ان تمام تعمیرات کے بعد سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں تیس ہزار طالبعلم تعلیم حاصل کرنے کے قابل ہوجائیں گے۔